بھٹکل : لبیک نوائط اسوسی ایشن کی جانب سے غسلِ میت کا عملی پروگرام

labbaik nawayath association bhatka, bhatka, bhatkal sports, gusle mayyit, moualan ameen ruknuddin, moualan abdul ahad fakarde nadwi,

بھٹکل15؍ اکتوبر 2022(فکروخبرنیوز) اکتوبر کی چھٹیوں کو کار آمد بنانے کے لیے  لبیک نوائط اسوسی ایشن بھٹکل کی جانب سے میگا ایونٹس کے نام سے روزانہ مختلف پروگرامات منعقد کیے جارہے ہیں جس میں دعوتِ دین کے اصول ، صحت بیداری کیمپ ، آن لائن ٹریڈنگ ، نیٹورک مارکیٹنگ ، ٹائم ٹیبل ،  اسپورٹس ڈے اور غسلِ میت کے پروگرامات شامل ہیں۔

 آج بعدِ عصر غسلِ میت او رتجہیزوتکفین کی عملی مشق کا پروگرام صدیقی مسجد کے احاطہ میں منعقد کیا گیا جس میں امام وخطیب مسجدِ نور مولانا محمد امین ندوی نے حاضرین کے سامنے اس کی تمام تر تفصیلات بیان کیں۔

مولانا نے کہا کہ غسلِ میت بہت آسان کام ہے لیکن لوگ اس کو مشکل سمجھ بیٹھے ہیں۔ جس طرح انسان غسل کرتے وقت جن چیزوں کا لحاظ رکھتا ہے اس کا لحاظ غسلِ میت کے موقع پر رکھیں۔ خاص کر ستر کھلنے نہ پائیں اور اس سلسلہ میں بہت زیادہ احتیاط کریں۔ مولانا نے کہا کہ بیری کے پتے استعمال کرنا سنت ہے  لیکن ضروری نہیں ہے۔ اس کی جگہ صابن وغیرہ کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ غسلِ میت کے وقت ہمیں سب سے پہلے گندگی دور کرنی چاہیے ، اس کے بعد تین تین مرتبہ دائیں اور بائیں جانب پانی ڈالیں۔ ضرورت پڑنے پر تین سے زائد مرتبہ پانی طاق عدد میں استعمال کرنا چاہیے۔ مولانا نے کہا کہ کم سے کم وقت نہلانے کا عمل مکمل ہونا چاہیے اور اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ جتنے لوگوں کی ضرورت ہو اتنے ہی لوگ وہاں کھڑے ہوں۔ سنت ہے کہ غسل دینے والا غسلِ میت کے بعد غسل کرے جس کا اہتمام عام طورپر ہمارے یہاں ہوتا ہے۔

مولانا نے تجہیزوتکفین کے سلسلہ میں کئی اہم باتوں کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مرد کو تین چادروں میں اور عورت کو پانچ چادروں میں کفن دینا چاہیے۔ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ نمازِ جنازہ اور تدفین میں شامل ہونے پر بہت بڑا ثواب ملتا ہے ، میت کو دیکھنے کی کوئی فضیلت نہیں ہے۔ عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ غسل کے بعد میت کو گھر کے اندر لے جاتے ہیں جہاں قریبی رشتہ دار میت کو دیکھنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس موقع پر غیر رشتہ دار کو وہاں نہیں رکنا چاہیے اور پردہ کا اہتمام  ہرحال میں ہونا چاہیے۔

میت کو قبر میں اتارتے وقت قریبی رشتہ دار جیسے ماموں ، چچا ، والد ، بھائی یعنی وہ رشتہ دار جو میت کے لیے محرم ہیں وہ قبر میں اتریں اور داہنی کروٹ لٹاکر اس کے گال کو زمین سے لگادیں۔

مولانا سے قبل جنرل سکریٹری لبیک نوائط اسوسی ایشن مولانا عبدالاحد ندوی نے کہا کہ اس سے قبل بھی یہاں پر غسلِ میت کا پروگرام منعقد ہوچکا ہے اور اس کے بعد مسجدِ طور ، مسجد ابوذر گلمی میں بھی منعقد کیا جاچکا ہے۔ اس طور پر آج کا یہ پروگرام چوتھا پروگرام ہوا۔ انہوں نے مولانا امین صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر لبیک کے صدر جناب رئیس رکن الدین اور دیگر موجود تھے۔

Share this post

Loading...