کنداپور 3 فروری 2022 (فکروخبرنیوز/ذرائع) یہاں کے سرکاری کالج میں حجاب پہن کر آنے والی طالبات کو کالج کے گیٹ پر ہی روک دیا گیا ہے۔ پرنسپل نے خود گیٹ پر پہنچ کر طالبات کو اندر آنے سے روکا اور طالبات سے کہا کہ وہ حجاب کے ساتھ کلاسز میں نہ آئیں۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ حجاب اتار کر کلاس میں حاضر ہوں۔
کالج کے گیٹ کے قریب پرنسپل اور مسلم طالبات کے درمیان کچھ دیر کے لیے بحث ہوئی۔ طالبات نے دلیل دی کہ سرکاری حکم نامے میں کنداپور کے سرکاری کالج کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ پرنسپل نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکلر ریاست بھر میں لاگو ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اڈپی سرکاری کالج میں پانچ طالبات کو حجاب پہن کر کلاس روم میں داخل ہونے سے منع کیا گیا جس کے بعد یہ مسئلہ بین الاقوامی سطح پر سامنے آیا تھا۔ نیشنل ہیومنٹس رائٹس کمیشن نے بھی ضلع انتظامیہ کو نوٹس بھیج کر ان سے رپورٹ طلب کی ہے جس کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس سے قبل طالبات نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہوئے دستورِ ہند کی دفعہ 14 اور 25 کا حوالہ دیتے ہوئے مذہب پر عمل کی آزادی کا مطالبہ کیا۔
Share this post
