کمٹہ :  اہم شاہراہ توسیعی کام کے بعد چٹان کھسکنے کے خدشات؟ کمپنی کے تعمیری کام پر عوام نے اٹھائے سوال

کمٹہ 25/ جولائی 2019(فکروخبر نیوز)  کئی سالوں سے اہم شاہراہ 66 پر جاری سڑک کے توسیعی کام کی پول بارش میں کھلنے لگی ہے۔ جن علاقوں میں پہاڑوں کو کھود کر سڑکیں بنائیں گئیں ہیں وہاں بارش کے موسم میں چٹان کھسکنے کے واقعات رونما ہورہے ہیں جس سے مسافروں میں سخت بے چینی پائی جارہی ہے۔ شہر کے ٹینڈر کوڑی علاقہ میں بھی اہم شاہراہ توسیعی کام کے بعد چٹان کھسکنے کے واقعات پیش آنے کے خدشات کی وجہ سے متعلقہ کمپنی نے سیمنٹ لگایا تھا لیکن بھاری بارش کی وجہ سے سیمنٹ اکھڑنے لگا ہے اور دوباہ چٹان کھسکنے کے واقعات رونما ہونے کے امکانات کا اظہار کیا جارہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سیمنٹ لگانے کے بعد یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ اب مضبوط کام ہوا ہے لیکن موسلادھار بارش نے کام کی حقیقت کھول دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مٹی کے اوپر صرف سیمنٹ کاچھڑکاؤ کرنے سے کسی بھی چیز میں مضبوطی نہیں آتی ہے۔ کام پختہ نہیں ہورہا ہے بلکہ اس سے زیادہ کام کا دکھاوا ہورہا ہے۔ انہیں پہلے سے ہی معلوم ہے کہ یہاں پر زور دار بارش ہوتی ہے۔ جب بارش کے موسم کاعلم ہے اور یہاں کے حالات سے بھی یہ واقف ہیں تو پھر اس طرح کا کام کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا ہے۔ لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یہ اہم شاہراہ ہے جہا ں سے سینکڑوں گاڑیاں گذرتی ہیں، رات کے اوقات میں اگر کوئی چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تو ایک سنگین سڑک حادثہ کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔ کسی کی موت ہوجانے اور کسی کو نقصان پہنچانے کے بعد اس سے معافی مانگ لینا یا پھر انہیں معاوضہ دے کر خاموش کرنے سے اس نقصان کی بھرپائی نہیں ہوسکتی ہے۔متعلقہ کمپنی کے اس توسیعی کام کے ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے پانی نکاسی کا مسئلہ بھی سنگین ہوگیا ہے۔ کئی سارے کھیتوں میں پانی گھس آجانے سے کسانوں کا بھی نقصان ہورہا ہے۔ لوگوں کے مطابق اس طرف فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ 
 

Share this post

Loading...