‘‘قاتلوں کو گولی ماردو‘‘کمار سوامی کے بیان پر ہنگامہ ،معاملہ پر وزیرا علی نے دی صفائی

بنگلور:25ڈسمبر2018(فکروخبر/ذرائع)کرناٹک کے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اپنے متنازع بیان کی وجہ سے مشکلوں میں گھرتے نظر آ رہے ہیں۔ کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے کمار سوامی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے ایسے متنازعہ بیان کی امید نہیں تھی۔

یدی یورپا نے کہا کہ ’’ وزیراعلیٰ ایسے بیان دیں گے، ان سے ایسی امید نہیں تھی۔ اگر وہ ایسا کہیں گے تو کرناٹک کے قانون وانتظام کی صورت حال کا کیا ہو گا۔ یہ ایک غیر ذمہ دارانہ بیان ہے‘‘۔

آپ کو بتا دیں کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ جے ڈی ایس کارکن کے قتل کے ملزمان کو ’ گولی مارنے‘ کی ہدایت دیتے نظر آ رہے ہیں۔

حالانکہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوامی نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غصہ میں یہ بات کہی تھی۔ انہوں نے کہا ’’ میں نے غصہ میں ایسا کہہ دیا۔ کیونکہ وہاں پہنچتے ہی مجھے اس قتل کی خبر ملی۔ پرکاش نام کے شخص کا قتل کر دیا گیا۔ یہ فطری انسانی ردعمل تھا، بطور وزیر اعلیٰ دیا گیا حکم نہیں۔ وہ اس حالت کو لے کر غصہ میں کہا گیا تھا کیونکہ یہ وہی لوگ ( مبینہ قاتل) تھے جنہوں نے پہلے بھی قتل کے دو واقعات انجام دئیے تھے۔

بتا دیں کہ جے ڈی ایس کے ضلع سطح کے رکن پرکاش کو بائیک سوار حملہ آوروں نے پیر کی شام گولی مار کر ان کا قتل کر دیا تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، پرکاش پیر کے روز اپنی کار سے میسور جا رہے تھے تبھی چار بائک سوار ان کا پیچھا کرنے لگے اور مددور کے پاس کار روک کر پرکاش کو گولیوں سے بھون ڈالا۔

Share this post

Loading...