کولار 04/ جنوری 2020(فکروخبر نیوز) سی اے اے کی حمایت میں آج کولار میں ہوئے احتجاج میں پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد افراتفری پھیل گئی۔ بھارتیا ناگریکا رکشنا ویدیکے نامی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ اس احتجاجی جلوس کے لیے ایم جی روڈ کی اجازت دی گئی تھی لیکن وہاں سے دوسرے راستوں کی طرف مڑ گئے۔ پولیس نے بیریکیڈس کے ذریعہ انہیں روکنے کی بھرپور کوشش کی لیکن پولیس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو انہو ں نے لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ کولار کے ڈپٹی کمشنر جے منجوناتھ کے مطابق ایم جی روڈ پر جمع ہوکر وہیں پر مختصر سے پروگرام کی اجازت دی گئی تھی لیکن ریلی کی اجازت نہیں تھی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ احتجاج منعقد کرنے والوں کی جانب سے اجازت طلب کی گئی تھی اور حالات کو دیکھتے ہوئے صرف ایم جی روڈ پر جمع ہونے کی اجازت دی گئی لیکن بڑی تعداد میں لوگ ایس این آر سرکل پر جمع ہوگئے اور پولیس کے بیریکیڈس کو کراس کرنے کی کوشش کی۔ جب احتجاجیوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو ایس پی کارتک ریڈی نے انہیں ایم جی روڈ پر جمع ہونے کی درخواست کی لیکن جب انہو ں نے پولیس کی نہیں سنی تو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ کئی لوگ موقع پر اپنے ہاتھوں میں قومی جھنڈا لیے ہوئے تھے۔ جیسے ہی پولیس نے لاٹھی چارج کیا وہ جھنڈے چھوڑ کر وہاں سے بھاگ گئے۔ سینئر افسران کے مطابق اجازت نامہ کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے احتجاج بلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Share this post
