کولار 17/ جولائی 2019(فکروخبر نیوز) بجرنگ دل کی جانب سے ڈی سی کو پیش کی گئی یادداشت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کولار شہر میں لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے مسلم نوجوان شہر کے امن وامان خلل ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس پی کے ذریعہ پولیس تھانہ کو حکم جاری کریں کہ ایسے لوگوں کو سخت سزا دی جائیں۔ اسی کا جواب دیتے ہوئے انجمن اسلامیہ کے صدر واراکین کے علاوہ دیگر نوجوانوں نے ڈپٹی کمشنر کو ایک یادداشت پیش کی۔ کے ایم ضمیر احمد نے بتایا کہ شہر کے امن وامان میں خلل ڈالنے اور کالج کے قریب لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ میں کوئی مسلم نوجوان شامل نہیں ہے۔ یہ سب جھوٹ اور غلط میمورنڈم پیش کیا گیا ہے۔ یہ شہر کے امن وامان کو بگاڑنے کی کوشش ہے۔ یہاں ہر مذہب کے لوگ بھائی بھائی بن کر زندگی گذار رہے ہیں اور تجارت کررہے ہیں، کبھی یہاں فرقہ وارانہ فساد سے متعلق باتیں بھی نہیں ہوتیں۔ چند شرپسند ہمارے اتحاد کو دیکھنا نہیں چاہتے وہ شہر کے امن میں خلل ڈالنا چاہ رہے ہیں۔ ایسے میں میمورنڈم سے شہر میں ماحول کشیدہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پر کوئی توجہ نہ دی جائے۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ کولار شہر امن کا گہوارہ ہے اور گہوارہ رہے گا۔
Share this post
