مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کا سالانہ اجلاس عام کا انعقاد
بھٹکل 26/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کا سالانہ اجلاس عام بروز جمعہ بعد نمازِ عشاء خلیفہ جامع مسجد میں منعقد کیا گیا جس میں جماعت کی سالانہ کارکردگی پیش کی گئی اور گوشوارہ آمد وخرچ کی تفصیلات بھی سامنے رکھی گئی۔ اس موقع پر قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی نے اپنے ذمہ داریوں کے تعلق سے احساس پیدا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آدمی دوسروں کی ذمہ داری کے تعلق سے بڑا فکرمند ہوتا ہے لیکن اپنے ذمہ داریوں کے تعلق سے اسے کبھی احساس نہیں ہوتا ہے اور نہ وہ اس کے لیے فکرمند ہوتا ہے۔ مولانا نے اسلام کی بنیادی تعلیمات جان کر اس پر عمل کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ آج ہم میں ہی کچھ ایسے لوگ پیدا ہورہے ہیں جو اسلامی کی بنیادی تعلیمات سے واقف نہیں ہے۔ ان کے سامنے جب شریعت کا حکم بیان کیا جاتا ہے تو وہ بغلیں جھانکنے لگتے ہیں، انہیں یہ بات سمجھ میں نہیں آتی ہے۔ جب شریعت کے جاننے والوں نے یہ بات بیان کی تو پھر بات ختم ہوگئی۔ اس کے آگے صرف ایک ہی بات ہے وہ ہے اس پر عمل کرنا، دوسری کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ مولانا نے موجودہ ملکی صورتحال کے تناظر میں کہا کہ آج جو صورتحال پیدا ہو رہی ہے وہ ہماری اپنی کوتاہیاں ہیں۔ ہم نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی، برادرانِ وطن کے سامنے اپنے اعلیٰ اخلاق کا نمونہ پیش نہیں کیا، ان تک دین کی باتیں نہیں پہنچائی، ہم نے اسلام کی صورتحال ان کے سامنے بیان ہی نہیں کی۔ جس کی وجہ سے وہ لوگ اسلام سے ناواقفیت کی بنیاد پر زہر اگل رہے ہیں۔ ہم لوگ صرف اپنی زندگی میں مگن ہیں۔اپنی اولاد کے تعلق سے ہم صرف ان کی مالی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے فکر مند رہتے ہیں لیکن اللہ نے دین کے اعتبار سے جو ذمہ داریاں ڈالی ہیں اس سے ہم ناواقف ہوتے چلے جارہے ہیں۔ مولانا نے موجودہ صورتحال میں اتحاد واتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے کام کرکے جائیں کہ ہماری نسلیں ہندوستان میں اسی طرح دین پر عمل کرنے والی بن جائیں جس طرح ہم آزادی کے ساتھ کرتے آرہے ہیں۔ مولانانے اپنے بیان کے آخر میں چاند کی رؤیت کے تعلق سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے ہر مہینہ کی 29تاریخ کو اس کے دیکھنے کے اہتمام کی بھی تاکید کی۔ مولاناکے بیان سے قبل مولاناشافع ندوی نے بھی سوال وجواب کے انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مولوی اسماعیل انجمن گنگاولی ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور سکریٹری مالیات نے حساب کتاب کی تفصیلات حاضرین کے سامنے رکھی، جناب اسماعیل صاحب شاہ بندری نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، نظامت کے فرائض مولانا یاسین نائیطے ندوی نے انجام دئیے۔ صدارتی خطبہ کے بعد یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
