کیرالا سے پیدل حج کے لیے نکلے شہاب کا بھٹکل میں شاندار استقبال

bhatkal, kerala shihab,

بھٹکل14؍ جون 2022(فکروخبرنیوز) کیرالا سے  پیدل حج کے لیے نکلے شہاب آج بھٹکل پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ان کے استقبال کے لیے آج صبح ہی سے بڑی تعداد میں لوگ موگلی ہونڈا میں جمع ہوگئے جہاں سے لوگوں نے ان کے ساتھ شرالی تک کا سفر کیا ، یعنی بھٹکل شہر کے حدود میں داخل ہوتے ہی ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور بھٹکل کے دوسرے حدود شرالی میں لوگوں نے انہیں الوداع کیا۔

اس دوران بھٹکل بس اڈے کے قریب واقع مسجدِ نور میں ان کے استقبال کے لیے بڑی بھیڑ امڈ آئی۔ ان کے پہنچنے سے قبل ہی اہم شاہراہ کے کنارے لوگ قطار میں کھڑے نظر آئے۔ مسجد پہنچ کر اللہ اکبر کے صداؤں کے بلند ہونے سے لوگوں نے تلبیہ بھی پڑھی جس سے ایک روحانی سماں بندھ گیا ۔ بعد میں شہاب مسجد کے اندرونی حصہ میں چلے گئے جہاں مسجد کے امام و خطیب مولانا محمد امین رکن الدین ندوی اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولاناعزیز الرحمن سمیت دیگر لوگوں نے ان سے ملاقات کی اور انہیں شال بھی اوڑھائی۔ یہیں پر ان کے لیے پرتکلف ناشتہ کا نظم کیا گیا تھا۔ جب تک یہ ناشتہ وغیرہ سے فارغ ہوتے مسجد کے اندرونی حصہ میں عوام ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔ لوگوں کو سنبھالنا مشکل ہورہا تھا جس کی وجہ شہاب نے اندرونی کمرے میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دی ، اس کے بعد کسی طرح یہ باہر نکلے اور لوگوں کے سامنے اپنے خیالات کا بھی اظہارکیا۔

شہاب 2 جون کو کیرالا کے مالاپورم ضلع اتاوناڈا سے حج کے سفر پر نکلے ہیں۔ وہ مکہ پہنچنے تک کل 8640 کلو میٹر کا سفر طئے کریں گے اور اس دوران وہ ہندوستان کی ریاست کرناٹک ، گوا ، مہاراشٹرا ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، ہریانہ سے ہوتے ہوئے پنجاب میں واقع واگھا بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوں گے۔ جہاں سے وہ ایران ، عراق اور کویت سے ہوتے ہوئے کل 280 دن کا سفر طئے کروہ مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ شہاب اس مقدس سفر کے لیے گذشتہ چار سالوں سے تیاری کررہے ہیں اور امسال ان کی تیاری مکمل ہوچکی ہے اور ان شاء اللہ وہ سال 2023 میں ہونے والا حج ادا کریں گے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے وہ ان کے سفر کے جملہ مراحل کو آسان فرمائے اور انہیں بعافیت مکہ مکرمہ پہنچائے ۔ آمین

Share this post

Loading...