کاروان کا معلومات عامہ سہ روزہ کوئز مقابلہ اختتام پذیر : مسجد ھدی کی اول پوزیشن اور مسجد خلیفہ اور مسجد عمر الجابری بالترتیب دوم سوم

bhatkal, mahnama phool, karwane atfal bhatkal, karwan quiz muqabala

بھٹکل 16؍ جون 2022(فکروخبر/موصولہ رپورٹ )                    الحمداللہ ادارہ ادب اطفال بھٹکل کے تحت چلنے والی بچوں کی تنظیم کاروان اطفال بھٹکل کا سہ روزہ معلومات عامہ کوئز مقابلہ بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا،بھٹکل و اطراف بھٹکل کے شبینہ مکاتب کے مابین منعقد ہونے والے اس خوبصورت اور جازب نظر مقابلے میں مسجد ھدی نے اول مقام حاصل کیا، مسجد خلیفہ نے دوم مقام اور مسجد عمر الجابری نے سوم مقام حاصل کرکے سال بھر ہونےوالے سلسلہ وار کوئز مقابلے کے پہلے حصے کے انعامات اور ٹرافیوں کے حقدار قرار پائے۔

واضح رہے کہ اس پروگرام کی جملہ کوششیں قوم کے وہ نوعمر طلبہ کررہے ہیں جن عمروں میں بچے اور نوجوان کھیل کود موبائل اور دوسری لغویات میں دھت رہتے ہیں اور ان کے ذہنوں میں معلومات کا قحط پڑا رہتا ہے۔

امیر کارواں مفاز ائیکری،کنوینر اجلاس علی اطہر اور محمد کولا نے اب تک کئی ہزار سوال وجواب کاروان اراکین اور اپنے مطالعے کی روشنی میں جمع کرکے کتابی شکل میں ڈھالا ہے اور وہ کتاب ان شاءاللہ بہت جلد منظر عام پر بھی آئے گی۔

مرکزی اور نشیبی کاروان کے ایک سو انتظامی ممبران اپنے مطالعے، اپنی گوناگوں صلاحیتوں اور اسٹیج پر اپنی سلیقہ مندی اور بےباکیوں سے  ان لوگوں کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں جو ان پر گزشتہ کچھ ماہ سے مسلسل تنقید کررہے ہیں۔

معلومات عامہ کوئز مقابلہ کے آخری مقابلوں میں مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل کے معروف عالم دین اور استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ صاحب عسکری ندوی تشریف فرما تھے،مولانا نے اس موقع پر بچوں کو ادارے سے جڑے رہنے کی نصیحت کی اور اس ادارے کے سلسلے میں ہمیشہ کی طرح اپنی نیک خواہشات سے نوازا۔پھر تینوں ٹیموں کے لیے ایک ہزار روپے دے کر ان کی بھرپورہمت افزائی کی۔

ہیثم رکن الدین کی خوش الحان تلاوت سے شروع ہونے والی اس نشست میں کاروان کے سلسلے میں دیگر باتیں بھی سامنے آئیں اور رائد قاضی کے ساتھ پوری بزم نے جوش و خروش کے ساتھ کاروان کا ترانہ پڑھ کر محفل کو خوب گرمایا۔

اس سے قبل نشستوں میں بھی کئی اہم شخصیات کی آمد اور معلومات عامہ کے سلسلے میں مفید باتیں ہوئیں،جن میں خصوصی طور پر جامعہ اسلامیہ کے سابق سینئر استاد ماسٹر سیف اللہ صاحب مدظلہ کی آمد قابل ذکر ہے۔

ادارے کے صدر و سکریٹری اور مشرف کاروان نے بھی گزشتہ نشستوں میں اپنی پرمغز معلومات سے نوازا۔

تینوں دن مختلف نشستوں میں نظامت کرنے والے کاروان اراکین میں امیر کاروان مفاز ائیکری،علی اطہر،منعام سعدا، محمد کولا، خزیمہ ہلارے،نجم الثاقب, عبید الرحمن،شبیث درگا،رفاعہ،جنادہ،عاصم اور ظاہر امان تھے۔

ان شاءاللہ کچھ دنوں میں ہر شبینہ مکاتب میں دوسرے دور کے سوالات و جوابات بھیجے جائیں گے۔

اللہ اس کو قبول فرمائے اور کاروان کا اقبال ہمیشہ بلند کرے آمین!

( کاروان اطفال رپورٹر)

Share this post

Loading...