مطالعہ زندگی کا بہترین اثاثہ ہے: کاروانِ اطفال کے اجلاس میں مولانا سید ہاشم ندوی کا بچوں سے خطاب

بھٹکل 21/ جون 2019(فکروخبر نیوز) ادارہ ادب اطفال کے بچوں کے شعبہ کاروانِ اطفال کے تحت ایڈیٹر انچیف فکروخبر مولانا سید ہاشم نظام ندوی کی ایک خصوصی نشست کاروانِ اطفال سے جڑے بچوں کے لیے دفتر پھول میں منعقد کی گئی جس میں مولانا موصوف نے بچوں کو اپنے اوقات کارآمد بنانے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ مطالعہ زندگی کا بہترین اثاثہ ہے، لہذا اپنے اوقات کو ہم مطالعہ میں صرف کرنے کی کوشش کریں جس کا فائدہ ہمیں زندگی کے ہر موڑ پر ملے گا۔مولانا نے امت محمدیہ کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے جتنے انبیاء تشریف لائے کسی کے وحی کی بھی شروعات”اقرأ“  سے نہیں ہوئی ہے۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دئیے گئے پہلے پیغام میں پڑھنے کی تاکید اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ پڑھنا اس امت کی ایک خصوصیت ہے اور اس خصوصیت کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیں کوشش کرنی چاہیے۔ 
    مولانا نے بچوں کے لیے قائم کردہ مولانا عبدالباری ندوی لائبریری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا موصوف رحمۃ اللہ علیہ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ رہی ہے کہ وہ سبھوں کو ساتھ لے کر چلتے تھے، ہمیں بھی ان کی اس خصوصیت سے اپنی زندگی میں اپناتے ہوئے جو طلباء اس لائبریری سے دور ہیں انہیں جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ 
    مولاناموصوف کی جانب سے طلباء کے لیے اعلان شدہ پچاس ہزار انعامات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ انعامات طلباء میں مطالعہ کی دلچسپی بڑھانے کے لیے دئیے جاتے ہیں، آپ کی دلچسپیوں پر مزید انعامات بھی دئیے جائیں، اس کے لیے آپ پر محنت شرط ہے۔ یہ انعامات سب سے زیادہ مطالعہ کرنے والوں کو، مولانا عبدالباری ندوی لائبریری سے میں زیادہ حاضری درج کرنے والوں، مضمون نویسی کا مقابلہ اور اس طرح دیگر مقابلوں میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والوں کے درمیان تقسیم کیے جائیں گے۔ 
    مولانا ہاشم صاحب ندوی نے بچوں کے ذریعہ اس پورے پروگرام کے انتظامات کرنے اور نظامت سے لے کر قرأت، نعت اور دیگر پروگرام پیش کرنے پر انہیں خصوصی مبارکباد سے بھی نوازا۔ دعائیہ کلمات اور تواضع پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس موقع پر پھول کے فعال کارکن مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی بھی موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...