بنگلورو 28/ جولائی 2019(فکروخبر نیوز) کرناٹک اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار کی جانب سے اتوار کو کل چودہ ارکانِ اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے کے بعد بی جے پی کی حکومت کو اپنی اکثریت ثابت کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ اسپیکر رمیش کمار نے کانگریس کے گیارہ اور جے ڈی ایس کے تین ارکان اسمبلی کو پارٹی بدل قانون کے مطابق نااہل قرار دیا تھا۔ اس سے قبل اسپیکر نے رمیش جرکی ہولی، مہیش کاماٹلی اور آزاد امیدوار کو نااہل قرار دیا تھا۔ خبروں کے مطابق 225اسمبلی کی سیٹوں میں سے 208سیٹیں باقی رہ گئیں ہیں اور مخلوط حکومت گرنے کے بعد بی جے پی کے پاس 105سیٹیں ہیں اور پارٹی کو ایک آزاد امیدوار کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اس طرح بی جے پی کو اکثریت ثابت کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ ملحوظ رہے کہ گذشتہ کئی مہینوں سے جاری اس سیاسی کھیل میں پندرہ ارکانِ اسمبلی مخلوط حکومت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ممبئی چلے گئے تھے جس کے بعد مخلوط حکومت نے انہیں باغی ممبران قرار دیتے ہوئے اسپیکر سے نااہل قرار دئیے جانے کی درخواست کی تھی۔
Share this post
