بنگلورو24 جون 2021 (فکروخبرنیوز/ذرائع) کرناٹک ایس ایس ایل سی امتحانات کے انعقاد کے لئے بورڈ نے ایس او پی جاری کیا جس کے مطابق کوویڈ 19 سے متأثرہ طلباء بھی امتحان میں شریک ہوسکیں گے۔ ایس او پی کے مطابق امتحانات جولائی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے۔ ایس او پی میں بتایا گیا ہے کہ ہر تعلقہ میں ایک کوویڈ 19 کیئر سنٹر (سی سی سی) ہونا چاہئے جہاں سے متاثرہ طلباء کو امتحان لکھنے کے انتظامات کرنے ہوں گے۔ ہر سی سی سی میں ایمبولینس والی ایک میڈیکل ٹیم کو حاضر رہنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ہر ایک امتحانی سنٹر کو ہیلتھ کاؤنٹر رکھنا بھی لازمی ہوگا جہاں طلباء کو امتحانی ہال میں داخل ہونے سے قبل بخار کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور ان لوگوں کو ایک ماسک فراہم کیا جائے گا ۔ ایس او پی نے ہر امتحانی مرکز کو ہدایت دی ہے کہ وہ دو کمروں کو ایسے طلبہ کے لئے مخصوص کریں جن میں سردی، کھانسی اور بخار کی علامات ہیں۔اس کے علاوہ ایس او پی میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک کمرہ میں صرف 12 طلباء ہوں گے اور ایک بنچ پر ایک طالب علم ہوگا۔ متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ہر امتحان سے پہلے اور اس کے بعد کمروں، فرنیچر اور واش روموں کی صفائی کی جائے اور طلباء کو ہجوم کی شکل میں اکٹھے نہ ہونے دیں۔
نیوز منٹ کے ان پٹ کے ساتھ
Share this post
