بنگلورو 03؍ اگست 2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) ریاستی حکومت کے ذریعہ جاری کردہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کرناٹک میں یکم جون سے اب تک شدید بارش کی وجہ سے 39 لوگوں کی جانیں چلی جاچکی ہیں اور 2,430 مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔
چیف منسٹر بسواراج بومئی نے منگل کو بارش سے متاثرہ 11 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی اور یکم جون سے ریاست میں مسلسل بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
حکام نے بتایا کہ 3,499 ہیکٹر اراضی پر زرعی فصلیں اور 2,057 ہیکٹر اراضی میں باغبانی فصلیں تباہ ہوئیں، جب کہ 2,430 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 4,378 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ مویشیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 99 ہوگئی۔
بومئی نے ڈی سیز سے کہا کہ وہ جنوبی کنڑ، اترا کنڑ اور اُڈپی اضلاع میں سڑک رابطہ بحال کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے حکام سے تباہ شدہ مکانات کا فوری مشترکہ سروے کرنے کو بھی کہا ہے۔
اس کے بعد انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ کوڈاگو ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں ہنگامی کارروائی کے لیے چوکس رہیں۔
ڈی سیز اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاوضہ جاری کرنے میں کوئی تاخیر نہ ہو، وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ تمام محکمے ریلیف اور بحالی کے کاموں میں ہم آہنگی سے کام کریں۔
Share this post
