بنگلور 28جنوری2020(فکروخبرنیوز) ریاست کی تاریخ میں پہلی بار شاید اور آخری بار بھی 31جنوری کو ریاستی پولس میں ڈی جی پی کے عہدے پر فائز تین اعلیٰ عہدیداران ایک ہی دن سرکاری خدمات سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ان میں ریاستی پولس کی ڈائرکٹر جنرل نیلامنی راجو، راگھویندرا اور اور ایم این ریڈی شامل ہیں۔اتر پردیش کی متوطن نیلامنی راجو نے کرناٹک سے آئی پی ایس بننے کے بعد اپنی خڈمات کے ابتدائی مراحل میں کچھ عرصہ کے لئے اضلاع میں کام کیا اور انہوں نے مرکزی خدمات پر خود کو مامو ر رکھا تھا۔2017میں ریاستی پولس کی ڈی جی پی کاعہدہ سنبھالنے کے لئے وہ بنگلور لوٹ آئیں۔
پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے وابستہ ایم این ریڈی فائر فورس اور ہو م گارڈس کے ڈی جی پی کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔چن پٹن سب ڈیویزن سے اپنی خدمات شروع کرنے والے ایم این ریڈی نے بنگلور وسٹی پولس میں مختلف عہدوں پر کام کیا اور بحیثیت بنگلور سٹی پولس کمشنر وہ کافی مقبول رہے اور ان کے دور میں پولس نظام میں کئی اصلاحات کی شروعات کی گئیں۔
راگھویندرا اور ادکر پولس ہاوزنگ کارپوریشن کے چیر مین ہیں اور ڈی جی پی درجے کے افسر مختلف اضلاع میں خدمات انجام دینے کے بعد وہ بنگلور و پولس کے کمشنر بنے اس کے بعد انہیں پولس کے محکمہ ریکروٹمنٹ کی ذمہ داری دی گئی۔سدارا میاکے دور اقتدار میں پولس ملازمین کی تنخواہوں اور الاونسس میں اضافہ کے متعلق جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری اور ادکر کو سونپی گئی اور انہوں نے حکومت کو ایک جامع رپورٹ بھی پیش کی جس کے نفاذ کے لئے محکمہ کی سطح پر تیاری جاری ہے۔وہ بھی 31جنوری کو سرکاری خدمات سے سبکدوش ہوجائیں گے۔
بشکریہ سالار
Share this post
