دھارواڑ27 جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) ڈگری کالج برائے طالبات کی چھت ٹپکنے سے طالبات کو چھتریوں سمیت درجوں میں بیٹھنا پڑرہا ہے۔ یہ حالت ہے شہر کے طالبات کے سرکاری ڈگری کالج کی جہاں کی چھت ٹپکنے سے طالبات کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا ہے۔
ڈائجی ورلڈ میں شائع خبر کے مطابق کالج میں کل 343 طالبات زیر تعلیم ہیں جس میں بی اے، بی ایس سی، بی کام، بی ایف ٹی اور ہوم سائنس کورسز وغیر کی ہیں۔ حالت یہاں تک پہنچی ہے کہ اس کالج کے لیکچرار بھی اسباق پڑھانے کے دوران چھتریاں استعمال کرتی ہیں۔ کالج کی دیواریں اور چھت خستہ حالت میں ہیں اور کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ دھارواڑ میں خواتین کا واحد سرکاری ڈگری کالج ہے۔ یہاں زیر تعلیم تمام طالبات غریب طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں اور دیہی علاقوں سے آتی ہیں۔ اس کالج کے نتائج شاندار ہیں لیکن جس عمارت میں یہ طالبات تعلیم حاصل کررہی ہیں وہ اپنی خستہ حالی کی شکایت کررہی ہے۔
بارش ہوتی ہے تو بلیک بورڈ پر سے پانی بہتا ہوا زمین پر گرتا ہے۔ لکچرار بورڈ پر جو بھی لکھتی ہے اسے پانی اپنے بہاؤ کے ساتھ لے جاتا ہے۔ کلاس روم میں گندا پانی بھرا ہوا ہے۔ کھپریل ٹوٹنے سے بارش کا پانی چھت سے سیدھے کلاس روم میں گرتا ہے۔
کالج میں زیر تعلیم طالبات اور یہاں چل رہے کورسز کے مطابق کم از کم 35 کمرے درکار ہیں۔ لیکن فی الحال ادارے میں صرف 12 کمرے ہیں۔
نئی عمارت کا پلان محکمہ تعلیم میں پہلے ہی جمع کرایا گیا ہے۔ تاہم کالج کی پرنسپل ڈاکٹر سرسوتی کالساد کے مطابق ابھی تک منظوری نہیں ملی ہے۔
Share this post
