بنگلورو 14 اکتوبر 2021 [فکروخبرنیوز/ ذرائع) چیف منسٹر بسوراج بومائی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کرناٹک میں تبدیلئ مذہب کے متعلق ایک مضبوط قانونی سازی کے لیے دیگر ریاستوں میں تبدیلئ مذہب قوانین کا مطالعہ کیا جائے گا۔ اڈپی کے اڈمار میں پورنا پرجنا انسٹی ٹیوشن کی نئی ڈگری کالج کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک مضبوط قانون جلد نافذ کیا جائے گا۔ وہ نامہ نگاروں کے ان سوالات کا جواب دے رہے تھے کہ کیا حکومت نے مبینہ مذہب تبدیلی معاملات کو روکنے کے لیے کوئی منصوبہ بنایا ہے، جس سے معاشرے میں بدامنی پھیل رہی ہے۔ گائے کے تحفظ کو یقینی بنانے پر انہوں نے کہا کہ مویشیوں کے لیے پہلے سے ہی قانون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2-18 عمر کے بچوں کے لیے ویکسینیشن ریاست میں شروع کی جائے گی جب مرکزی وزارت کی طرف سے اس سلسلہ میں آگے بڑھنے کی اجازت ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویکسینیشن پوری رفتار سے جاری ہے، پہلی خوراک کا 82 فیصد اور دوسری خوراک کا 37 فیصد اب تک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی خوراک کی 90 فیصد کوریج دسمبر کے آخر تک حاصل کر لی جائے گی جبکہ دوسری خوراک کی کوریج 70 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
Share this post
