کرناٹک میں نئی حکومت کی حلف برداری تقریب میں ان ریاستوں کے سیاستدانوں نے لیا حصہ

بنگلورو: 20؍ مئی 2023: کرناٹک کو آج نیا وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ مل گیا ہے۔ سدارمیا نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا، جب کہ ڈی کے شیوکمار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ انہیں گورنر تھاورچند گہلوت نے حلف دلایا۔ آپ کو بتا دیں، گورنر تھاورچند گہلوت نے سدارمیا، ڈی کے شیوکمار سمیت 8 ارکان اسمبلی کو حلف دلایا۔ خیال رہے کہ سدارمیا کی بطور وزیر اعلیٰ یہ دوسری میعاد ہے۔ وہ اس سے قبل 2013 اور 2018 کے درمیان اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

سی ایم اور ڈپٹی سی ایم کے علاوہ جن ایم ایل اے نے آج وزیر کے طور پر حلف لیا ان میں جی پرمیشور، کے ایچ مُنی یپا، کے جے جارج، ایم بی پاٹل، ستیش جارکی ہولی، پریانک کھرگے، رامالنگا ریڈی اور بی زیڈ ضمیر احمد خان کے نام شامل ہیں۔

تقریب حلف برداری میں اے آئی سی سی کے صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار، تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو، سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور این سی پی کے بزرگ رہنما شرد پوار نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ 10 مئی کو ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 224 میں سے 135 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ بی جے پی 66 اور جے ڈی ایس 19 سیٹوں پر سمٹ گئی۔

Share this post

Loading...