بھٹکل 10؍مئی2021(فکروخبرنیوز) ریاست میں بھر میں 10؍ مئی سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کا اثر بھی شہر میں آج نظر آیا۔ صبح چھ بجے سے دس بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ دی گئی ہے، اس دوران سواریوں پر عائد پابندی کی وجہ سے سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ کل تک چھوٹ کے اوقات میں جن سڑکوں پر عوام کی بھیڑ نظر آتی تھی آج ان سڑکوں پر ہلچل نہ کے برابر رہی۔ پولیس نے سواریوں کی نقل وحمل روکنے کے لیے جگہ جگہ بریگیڈ لگادئیے ہیں۔ مین روڈ بھٹکل، اسی طرح کولاکو پاسپٹل کے علاوہ مین روڈ کو جوڑنے والی کئی سڑکوں پر بھی بریگیڈ لگادئیے ہیں، ایسے محسوس ہورہا ہے کہ لاک ڈاؤن سختی سے نافذ کرنے کے لیے پولیس نے پوری تیاری کرلی ہے۔
کل شام اسسٹنٹ کمشنرممتادیوی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چھوٹ کے اوقات میں گاڑیوں کے نقل وحمل کی اجازت نہیں رہے گی۔ صرف قریبی دکانوں سے ہی پیدل چل کر خریداری کی اجازت رہے گی۔ سواریوں پر باہر نکلنے والوں کے خلاف پولیس کے ذریعہ سخت کارروائی بھی کیے جانے کی بات کہی تھی۔
سوشیل میڈیا پر سخت برہمی کا اظہار
کل کے مذکورہ حکم نامہ کے بعد لوگ سوشیل میڈیا پر بریگیڈ لگانے اور سخت لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے پر اپنی برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔ مختلف وائرل پیغامات میں قوم کے ذمہ داروں سے بھی مداخلت کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے
حالات کس طرح کے ہیں
اترکنڑا ضلع میں کورونا کے معاملات میں روز بروز اضافہ ہی درج ہورہا ہے۔ روزانہ ہزار سے زائد معاملات درج ہورہے ہیں، بھٹکل میں کورونا کے معاملات سامنے آرہے ہیں، ریاست کے دوسرے اضلاع سے بھی کوئی خوش کن خبریں سننے کو نہیں مل رہے ہیں۔ بنگلورو سمیت مختلف شہروں میں کورونا سے متأثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے بھٹکل میں خدا کا فضل ہے کہ اب بھی حالات قابو میں ہیں اور مزید قابو میں کرنے کے لیے پولیس سخت اقدامات کررہی ہے۔ سوشیل میڈیا پر پولیس کے ان اقدامات کو جائز ٹہرانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے اور لوگوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے پوری طرح احتیاط برتیں۔
Share this post
