بنگلورو 11 نومبر2023 (فکروخبرنیوز) مہنگائی کی مار سے عوام کا حال بے حال ہے۔ پیاز نے آنسو نکال دیے ہیں اوردیگر اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان کو چھورہی ہیں۔ ایسے میں ریاست میں دودھ فیڈریشنوں نے نندنی دودھ کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔ نئے سال سے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
وزیر مویشی وینکٹیش نے کہا کہ دودھ فیڈریشنوں نے ریاستی حکومت کے سامنے ایک تجویز پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں نقصان ہو رہا ہے اور دودھ کی قیمت پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ فی الحال ہم قیمت نہیں بڑھانے جا رہے ہیں۔
وزیر نے کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں دودھ کی قیمت میں فرق بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیری فارمرز کی طرف سے قیمت بڑھانے کا بالواسطہ دباؤ ہے اور اس طرح انہوں نے اشارہ دیا کہ مستقبل میں قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری ریاستوں میں دودھ کی قیمت کے مقابلے نندنی دودھ کی قیمت کم ہے۔ نندنی کا دودھ 42 روپے فی لیٹر فروخت ہوتا ہے۔ تاہم دیگر ریاستوں خصوصاً ہماری پڑوسی ریاستوں میں دودھ کی قیمت 48 سے 51 روپے فی لیٹر ہے۔ کے ایم ایف کے اراکین، ڈیری فارمرز اور دیگر شراکت داروں کی طرف سے دودھ کی قیمت بڑھانے کا دباؤ ہے۔
Share this post
