بنگلورو 26 جولائی 2023 : کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 38 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جس سے ریاست کے کئی حصوں میں معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
ریاست میں بارش اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے عہدیداروں کو فوری راحت اور بچاؤ کے کام انجام دینے کی ہدایت دی اور جانوں کے ضیاع کو روکنے کے مقصد سے ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
سدارامیا نے کہا کہ یکم جون سے اب تک مانسون کی بارش کی وجہ سے اڑتیس افراد کی موت ہو چکی ہے اور 35 زخمی ہیں۔ 57 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں، 208 کو شدید نقصان پہنچا ہے اور 2,682 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اور 105 مویشی مرچکے ہیں۔
ریاست میں موسم اور فصل کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پنچایت کے سی ای اوز کی میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ 185 ہیکٹر پر محیط زرعی فصلوں اور 356 ہیکٹر باغبانی کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر بارش اور سیلاب کی وجہ سے 541 ہیکٹر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
Share this post
