:24؍ جولائی 2021(فکروخبر/ ذرائع) ریاستی حکومت کے ذریعہ مقرر کردہ ماہرین کی کمیٹی نے اگست سے مرحلہ وار اسکولوں کو کھولنے کا مشورہ دیا ہے ، کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ اس کی شروعات پرائمری اسکولوں سے ہی کی جانی چاہئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ماہرین کی کمیٹی نے جو رپورٹ پیش کی ہے اس کے مطابق حکومت پہلے مرحلہ میں پہلی سے پانچویں جماعتوں کے لئے کلاسوں کی شروعات پر غورکر رہی ہے۔
کمیٹی نے حکومت کو مشور ہ دیا ہے کہ پہلی سے پانچویں جماعت کے طلباء کو دو حصو ں میں تقسیم کیا جائے پہلی جماعت سے تیسری جماعت تک کے بچوں کو ایک حصہ بنا کر ان کے لئے کلاسوں کا اہتمام صبح میں کیا جائے اور چوتھی اور پانچویں جماعت کے بچوں کے لئے دوپہر بعد کلاسوں کا اہتمام کیا جائے۔اس کے چند ہفتے بعد سے چھٹی جماعت سے 12ویں جماعت تک کے لئے کلاسوں کی بحالی کی جائے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ روزانہ صرف تین گھنٹوں کے لئے کلاسس کا اہتمام کیا جائے اور ہفتہ میں چھ دن کے لئے ان کلاسوں کا اہتمام جاری رہے۔ تعلیمی سال کے دوران مقررہ نصاب کو پورا کرنے کے لئے غیر ضروری چھٹیوں کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیٹی نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اگست کے پہلے ہفتہ سے اسکول کھول دئیے جائیں جبکہ محکمہ تعلیم کے ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ 2اگست سے ہی اسکول کھولے جا سکتے ہیں۔
2019مارچ میں لاک ڈاؤن کے ساتھ بند ہونے والے پرائمری اسکولوں کی اب شاید بحالی ہونے جا رہی ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیمات نے 26جولائی سے ریاست بھر میں کالجس کھولنے کا فیصلہ لے لیا ہے۔ گزشتہ سال اسکولوں کو کھولنے کی تیاریوں کے درمیان ایک بار پھر حکومت کو لاک ڈاؤن کرنا پڑا جس کے سبب کوئی خاص تعلیمی سرگرمی نہیں چل سکی۔
Share this post
