بنگلورو 12 اگست 2024 : دھویں کے اخراج (ایمیشین ٹیسٹ) سرٹیفکٹ اب کرناٹک میں مہنگا ہوسکتا ہے۔ کرناٹک ایمیشن ٹیسٹنگ مراکز مالکان کی ایسوسی ایشن مالکان نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے اس کی قیمت میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ راملنگا ریڈی سے قیمت پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے اضافے کی وجوہات میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قرار دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں آخری اضافہ تین سال قبل ہوا تھا۔ فی الحال، ایمیشن ٹیسٹ سرٹیفکیٹ کی قیمت دو پہیہ گاڑیوں کے لیے 65 روپے، تھری وہیلر کے لیے 75 روپے، چار پہیوں والی پٹرول گاڑیوں کے لیے 115 روپے، اور چار پہیوں والی ڈیزل گاڑیوں کے لیے 160 روپے ہے۔
ایسوسی ایشن نے ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دو پہیہ گاڑیوں کے لیے اخراج کی جانچ کی فیس بڑھا کر 110 روپے، آٹو رکشا کے لیے 100 روپے، پیٹرول اور سی این جی فور وہیلر کے لیے 200 روپے، اور ڈیزل گاڑیوں کے لیے 250 روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
کرناٹک ایمیشن ٹیسٹنگ سینٹرز کے مالکان کی ایسوسی ایشن کے صدر یوگیش نے کہا کہ کرناٹک میں دھویں اخراج کی جانچ کی قیمتوں میں آخری بار نظر ثانی کیے گئے تین سال ہوچکے ہیں۔ ریاست بھر میں 2,600 سے زیادہ اخراج ٹیسٹنگ مراکز ہیں، جن میں صرف بنگلورو میں 700 شامل ہیں، ہمیں پٹرول پمپ کے کرایہ، آلات اور عملے کی تنخواہوں سے بڑھتے ہوئے اخراجات کے مسائل ہیں۔ ہم نے وزیر ٹرانسپورٹ راملنگا ریڈی سے قیمتوں میں اضافے کو منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔
Share this post
