نئی دہلی:17؍ستمبر2018(فکروخبر/ذرائع)ملک میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان کرناٹک کے وزیراعلی ایچ ڈی کماراسوامی نے ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوروپئے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ جس سے عوام کو ذرا سی راحت ملنے کی امید ہے ،کرناٹک کے کلبرگی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کماراسوامی نے کہا کہ آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوروپئے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئے روز پٹرول ڈیزل کی قیمتیں نیا ریکارڈ درج کر رہی ہیں جس سے اس مہنگائی کے دور میں ایک اور اضافی بوجھ پڑ گیا ہے ،عوام کو راحت دلانے کے غرض سے کانگریس جے ڈٰی ایس کی مخلوط حکومت نے ریاستی ٹیکس میں کمی کرتے ہوئے 2روپئے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ہمیں امید ہے کہ اتحادی حکومت کے اس اقدام سے کرناٹکا کی عوام کو کچھ راحت ملے گی
خیال رہے کہ دہلی میں اس وقت 82.06 روپئے فی لیٹر پٹرول جبکہ 73.78 روپئے فی لیٹر ڈیزل کی فروخت ہورہی ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت میں 15 پیسے فی لیٹڑ اور ڈیزل میں 7 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں 16 اگست سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
پٹرول ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر کانگریس نے بھارت بند کی کال دی تھی جس میں کل 22پارٹیوں نے حصہ لے کر اسے کامیاب بنایا تھا لیکن ایسا لگتاہے کہ بھارت بند کا اثر نہ ہی تیل کی بڑھتی قیمتوں پر پڑااور نہ ہی موجودہ سرکار پر،کیونکہ اس کے بعد بھی قیمتیں ہرآنے والے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ ہی قائم کر رہی ہے
Share this post
