وزیر اعظم مودی نے ہر شخص کے اکاؤنٹ میں پندرہ لاکھ جمع کرنے کا وعدہ ہی نہیں کیا تھا : کرناٹک قانون اسمبلی میں بی جے پی نے کانگریس سے مانگے ثبوت

بنگلورو13؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں آج جمعرات کو حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ بی جے پی کے ارکانِ اسمبلی اس بات پر بضد رہے کہ کوئی ایک ثبوت پیش کیا جائے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شخص کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ دوسری طرف کانگریس کے ارکانِ اسمبلی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ مودی کا 15 لاکھ کا وعدہ ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔

یہ مسئلہ اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران نول گند کانگریس ایم ایل اے کوناریڈی کی مداخلت کے دوران سامنے آیا۔

کونا ریڈی کا کہنا تھا کہ انہوں نے (بی جے پی) ہماری (کانگریس) گارنٹی اسکیموں پر تنقید کی ہے۔ ہم اپنی ضمانتوں پر قائم ہیں، کیونکہ ہماری حکومت اسے پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، لیکن آپ نے ہر بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے کی گارنٹی دی تھی، لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا۔ اس رقم کو ایک بینک اکاؤنٹ میں بھی جمع کروائیں۔ آپ نے نوجوانوں کو 2 لاکھ نوکریوں کا وعدہ بھی کیا تھا، لیکن ایسا نہیں کر سکے۔ آپ نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا۔

بی جے پی کے سینئر لیڈر بسنگوڈا پاٹل یتنال نے اس پر اعتراض کیا، اور کوناریڈی سے کہا کہ وہ کم از کم ایک ثبوت یا ویڈیو کلپ پیش کریں تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ وزیر اعظم نے ہر بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے ہر بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے کے بارے میں کبھی بات نہیں کی ہے اور کانگریس جان بوجھ کر بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف جھوٹ پھیلا رہی ہے۔

یتنال نے مزید کہا کہ اگر وزیر اعظم نے ایسا کوئی بیان دیا ہے تو وہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں، لیکن سچ یہ ہے کہ ایسا وعدہ کبھی نہیں کیا گیا اور غیر ضروری طور پر 15 لاکھ روپے کی بات کرنا کانگریس والوں کا کام بن گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ

Share this post

Loading...