بنگلور11؍مارچ 2023 (فکروخبرنیوز) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں گھر سے ووٹ ڈالنے کی سہولت دئیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج کہا کہ اسی سال سے زائد عمر کے بزرگ اور معذور افراد کو گھر سے ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔ راجیو کمار نے بتایا کہ اس طرح کی سہولت پہلی بار دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی ٹیم فارم 12 ڈی کے ساتھ بزرگ اور معذور ووٹرز کے گھر پہنچ کران کا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مدد کرے گی۔ اس سارے عمل کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ یہ سہولت ان لوگوں کے لیے ہے جو ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ بوتھ نہیں جا سکتے۔ یہ اطلاع تمام سیاسی جماعتوں کو دی جائے گی۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ جو ووٹرز گھر بیٹھے ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں ان کے لیے ایک موثر موبائل ایپ بنائی گئی ہے۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں ایپ پر رجسٹر کرنا ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے پورٹلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ووٹرز کو بتانا ہو گا کہ انہوں نے مجرمانہ پس منظر والے امیدواروں کا انتخاب کیوں کیا اور الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ کیوں دیے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو آگاہ کرنے کے لیے اپنے امیدوار کو جانیے کے نام سے مہم بھی شروع کی ہے۔ تاکہ ووٹرز اپنے امیدوار کے بارے میں جان سکیں۔ نامزدگی داخل کرنے کے لیے امیدواروں کے لیے سوویدھا ایپ لانچ کی گئی۔انتخابی امیدواروں کے لیے نامزدگی داخل کرنے اور حلف نامہ جمع کرانے کے لیے سوویدھا ایپ شروع کی گئی ہے۔ امیدوار میٹنگوں اور ریلیوں کے لیے اجازت حاصل کرنے کے لیے سوویدھا پورٹل کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
Share this post
