بنگلورو05 ستمبر 2021 (فکروخبرنیوز/ ذرائع) کرناٹک میں حالیہ سیلاب سے متأثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ٹیم دورہ پر ہے۔ عہدیداروں نے ہفتہ کے روز بنگلورو میں وزیراعلیٰ باسوراج بومائی سے ملاقات کی جس کے دوران مؤخر الذکر نے انہیں سیلاب سے ہونے والے نقصان کی وضاحت کی، اور مشورہ دیا کہ مرکزی ٹیم کو این ڈی آر ایف کے رہنما خطوط میں ترمیم کرنے اور ریاست کو فراہم کی جانے والی راحت کی مقدار بڑھانے کی سفارش کرے۔ بومائی نے وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار سشیل پال کی سربراہی میں ٹیم کو بتایا کہ کرناٹک مسلسل چار سالوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی قدرتی آفات کی زد میں ہے اور ریاست کو بحران سے نمٹنے کے لیے مزید فنڈز کی ضرورت ہے۔ بومائی نے کہا کہ ریاست بچاؤ اور امدادی کاموں کے حوالے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، لیکن بحالی کے اہم کاموں کے لیے مزید فنڈز کی ضرورت ہے۔ کرناٹک نے فصل اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان پر رپورٹ پیش کی ہے۔ بومائی نے کہا کہ سڑکوں اور محکمۂ بجلی کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور ریاست نے پچھلے 15 سالوں میں ان شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔سات رکنی ٹیم کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور بیلگاوی، باگل کوٹ، دھارواڑ، اتر کنڑا اور ہاویری اضلاع کا دورہ کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے پانچ اضلاع میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 5,690.52 کروڑ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے اور ایس ڈی آر ایف کے اصولوں کے تحت 765.84 کروڑ روپے کی امداد مانگی ہے۔ آر اشوکا نے بتایا کہ اس نے 5,690.52 ہیکٹر پر فصلوں کے نقصان اور 18,719 ہیکٹر پر باغبانی کی فصل کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران عہدیدار متاثرہ افراد، مقامی عہدیداروں سے بات چیت بھی کررہے ہیں اور ریاستی حکومت کی فراہم کردہ تفصیلات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔ دریں اثنا حکومت 13 اضلاع میں 45,586 لوگوں کو فصلوں کے نقصان کے لیے معاوضہ فراہم کرنے کے لیے 38.65 کروڑ روپے جاری کر رہی ہے۔
Share this post
