30؍ مئی 2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) پولس نے بتایا کہ اتوار کو اتر پردیش میں بہرائچ-لکھیم پور ہائی وے پر سیاحوں کی بس کے ٹرک سے ٹکرانے سے تین خواتین سمیت سات افراد ہلاک اور نو شدید زخمی ہو گئے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ بس، کرناٹک سے 16 افراد کو لے کر ایودھیا جا رہی تھی جب موتی پور علاقے کے ننیہا بازار میں یہ واقعہ پیش آیا جب وہ مخالف لین میں داخل ہوئی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ بس ڈرائیور سمیت پانچ کی موقع پر ہی موت ہو گئی، دو دیگر ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، پولیس افسر نے بتایا کہ نو افراد شدید زخمی ہیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ متاثرین کی شناخت اس وقت ہوئی جب زخمی مسافروں میں سے ایک بھومیکا (16) نے ایک ویڈیو کال کے ذریعے اور فوٹو شیئر کرکے پولیس حکام کا اہلِ خانہ سے رابطہ کیا۔
مرنے والوں کی شناخت شیو کمار پجاری (28)، جگدمبا (52)، منمت (36)، انیل (30)، سنتوش (35)، ششیکلا (38) اور سرسوتی (47) کے طور پر کی گئی ہے - یہ سبھی کرناٹک کے بیدر کے گاندھی گنج کے رہنے والے ہیں۔ واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اے ایس پی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کا اچھا علاج یقینی بنائیں۔ اتوار کو کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے اپنے یوپی ہم منصب سے حادثے کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں سی ایم بومئی نے یاتریوں کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ ضلعی حکام بچاؤ آپریشن کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کرناٹک سے آنے والے سیاحوں کی حفاظت اور انہیں معیاری علاج فراہم کرنے کے بارے میں یوگی آدتیہ ناتھ سے فون پر بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
Share this post
