بنگلورو 18/ دسمبر 2019(فکروخبر (ایس این بی) ریاستی وزیر داخلہ بسواراج بومئی نے کہا ہے کہ کرناٹک میں سیٹیزن شپ امینڈمنٹ ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔ سی اے اے کو پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی منظوری کے بعد صدر ہند نے بھی منظور کرلیا۔ اس لیے تمام ریاستوں میں اسے نافذ کرنا پڑے گا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں سی اے اے کے خلاف ہونے والے احتجاجات کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر داخلہ بسواراج بومئی نے کہا کہ چند ریاستیں ”سیاسی وجوہات“ پر سی اے اے کی مخالفت کررہی ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہاں دہلی، آسام او راترپردیش کی طرف کوئی پر تشدد مظاہرہ نہیں ہوگا۔ ہم نے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ وزیر داخلہ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب کہ ریاست کے مختلف ریاستوں میں متنازعہ سی اے اے ایکٹ کے خلاف مسلسل احتجاجات جاری ہیں۔ بنگلور، شیموگہ، منگلور، کلبرگی میں مختلف تنظیموں نے احتجاج کیا ہے۔ منگل کے دن پولیس نے احتجاج سے پہلے چند طلبہ کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ اکتوبر میں بومئی نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت ریاست میں غیر قانونی تارکین وطن کے بارے میں اعدادو شمار جمع کررہی ہے اور مرکز سے بات کرکے آسام کی طرح این آر سی تیار کرے گی۔
Share this post
