دھارواڑ11 اپریل 2022 (فکروخبرنیوز/ ذرائع) کرناٹک پولیس نے پیر کے روز سری رام سینا سے منسلک چار افراد کو دھارواڑ ضلع میں ایک مسلم فروش کی ملکیت والی پھلوں کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کرنے کے سلسلے میں گرفتار کیا۔ گرفتارشدہ افراد کی شناخت چدانند کلال، کمار کٹیمانی، میلارپا گڈپپناور اور مہالنگا ایگالی کے طور پر کی گئی ہے۔دکاندار نبی صاب کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کرانے کے بعد پولیس نے ملزمین کو حراست میں لے لیا۔ دھارواڑ دیہی پولیس نے آٹھ افراد کے خلاف مذہبی جذبات کو دانستہ طور پر مجروح کرنے غیر قانونی اجتماع، فسادات اور جان بوجھ کر امن خراب کرنے کی کوشش کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔15 سال سے نبی صاب کی دکان نوگیکیری ہنومان مندر کے احاطے میں چل رہی ہے۔9 اپریل کو مندر کے احاطے میں آنے والے کارکنوں نے پھلوں کو تباہ کر دیا اور اس سے کہا کہ وہ اپنا کاروبار جاری نہ رکھیں۔ ریاست کے قانون اور پارلیمانی امور کے وزیر جے سی مادھو سوامی نے ایوان کے فلور پر کہا تھا کہ غیر ہندو مندر کے احاطے اور مذہبی میلوں میں اپنا کاروبار نہیں کر سکتے۔تب سے ہندوتوا گروپ تمام مذہبی مقامات سے مسلم دکانداروں کو خالی کرنے کا پرزور مطالبہ کر رہے ہیں۔پھلوں کی دکان کی توڑ پھوڑ کی بڑے پیمانے پر مذمت ہوئی ہے، جس میں سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی بھی شامل ہیں جنہوں نے دکاندار کو مالی امداد دی تھی۔
Share this post
