14؍مئی 2024 (فکروخبرنیوز) کرناٹک کے شیموگہ، اڈپی، اترا کنڑ اور چکمگلورو اضلاع بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ بعض علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ اُڈپی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔۔ ریاست میں 18 مئی تک بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے مطلع کیا ہے کہ بنگلور میں اگلے 5 ماہ تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوگی۔
پچھلے کچھ دنوں سے ریاستی دارالحکومت بنگلورومیں شام ہوتے ہوتے تیز بارش ہورہی تھی لیکن آج بنگلورو میں بارش نہیں ہوئی بلکہ اڈپی، شیموگہ، اترا کنڑ اور چکمگلور میں زبردست بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ساحلی ضلع اڈپی میں آج موسلا دھار بارش ہوئی ہے اور شہر سمیت منی پال، ملپے، سنتھے کٹے کے آس پاس شدید بارش ہوئی ہے۔ گزشتہ تین ماہ سے دھوپ سے پریشان عوام آج بارش سے خوش ہیں۔ کنداپور تعلقہ کے سداپور میں بجلی گرنے سے سریش شیٹی (38) کی موت ہوگئی۔
اترا کنڑ ضلع میں بارش کی وجہ سے کئی علاقے متأثر ہوئے ہیں۔ ضلع کے سدا پور اور سرسی تعلقہ میں موسلادھار بارش ہوئی ہے بارش کے انتظار میں بیٹھے کسانوں کے چہروں سے خوشی کے آثار ظاہر ہورہے ہیں۔ کاروار، یلاپور، منڈگوڈ میں موسم ابرآلود رہا۔ محکمہ موسمیات نے مزید تین روز تک ضلع کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
سرسی میں درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گیے
اتر کنڑ ضلع کے سرسی میں طوفانی بارش کی وجہ سے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ جس کی وجہ سے شہر کی سہیادری کالونی کی طرف جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہے۔ اس کے علاوہ 10 سے زائد کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی میں خلل واقع ہوا، اچانک بارش سے گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
چکمگلورو میں سیاح پریشان
چکمگلورو ضلع کے سرینگری قصبے میں بھی طوفانی بارش ہوئی۔ گزشتہ ایک گھنٹے سے طوفان کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سیاح بھی پریشان ہیں۔
شیموگہ میں طوفانی بارش
شیموگہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش پچھلے تین دنوں سے ہورہی ہے۔ بارش کی وجہ سے گرمی سے عوام کو راحت ملی ہے۔
Share this post
