کل بروز جمعرات بھٹکل بند : جامعہ اسلامیہ بھٹکل سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان ، تنظیم نے کاروباری مراکز بند رکھنے کی اپیل کی

bhatkal, bhatkal bandh, jamia islamia bhatkal

بھٹکل16؍ مارچ 2022(فکروخبرنیوز) امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی کے کرناٹک بند کے اعلان کے بعد کل بروز جمعرات بھٹکل بند کی تیاریاں چل رہی ہیں اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل سمیت دگیر تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

مہتممِ جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے فکروخبر کو بتایا کہ بھٹکل بند کے پیشِ نظر جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں کل بروز جمعرات تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

آج دوپہر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بھٹکل کے تمام ملی اداروں سمیت کاروباری مراکز بند رکھنے کی گذارش کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کے حجاب پر آئے فیصلہ سے مسلمانوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ویڈیو پیغام میں مولانا صغیر احمد رشادی نے کہا کہ میں تمام مسلمانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ یہاں پڑھے گئے حکم کو غور سے سنیں اور اس پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ حجاب کے تعلق سے کرناٹک ہائی کورٹ کے افسوسناک حکم کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کل 17 مارچ کو پورے دن کے لیے کرناٹک ریاست میں مکمل بند رہے گا۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی کے ہر طبقے سے اپیل کی کہ وہ بند میں شرکت کریں۔

اسے کامیاب بنائیں اور حکمرانوں کو بتائیں کہ مذہبی رسومات پر عمل کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا ممکن ہے۔ ہم ہر انصاف پسند لوگوں اور ملت اسلامیہ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ بند کو کامیاب بنائیں۔

مولانا نے نوجوانوں کو بند کے دوران پرامن رہنے کو بھی کہا ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے درخواست ہے کہ وہ زبردستی دکانیں بند کر کے بند نہ  کرائیں۔  نعرے بازی یا جلوسوں میں شامل نہ ہوں۔ یہ بند مکمل طور پر پرامن، خاموش اور مقصد صرف ہمارے غصے کا اظہار کرنا ہے۔

Share this post

Loading...