بنگلورو16؍ مارچ 2022(فکروخبرنیوز) امیرِ شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی نے حجاب سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر "افسوس" کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو ریاست گیر بند کی کال دی ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں رشادی نے کہا کہ میں تمام مسلمانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ یہاں پڑھے گئے حکم کو غور سے سنیں اور اس پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ حجاب کے تعلق سے کرناٹک ہائی کورٹ کے افسوسناک حکم کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کل 17 مارچ کو پورے دن کے لیے کرناٹک ریاست میں مکمل بند رہے گا۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی کے ہر طبقے سے اپیل کی کہ وہ بند میں شرکت کریں۔
اسے کامیاب بنائیں اور حکمرانوں کو بتائیں کہ مذہبی رسومات پر عمل کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنا ممکن ہے۔ ہم ہر انصاف پسند لوگوں اور ملت اسلامیہ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ بند کو کامیاب بنائیں۔
مولانا نے نوجوانوں کو بند کے دوران پرامن رہنے کو بھی کہا ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے درخواست ہے کہ وہ زبردستی دکانیں بند کر کے بند نہ کرائیں۔ نعرے بازی یا جلوسوں میں شامل نہ ہوں۔ یہ بند مکمل طور پر پرامن، خاموش اور مقصد صرف ہمارے غصے کا اظہار کرنا ہے۔
Share this post
