چکبالاپور 28؍ جنوری 2016(فکروخبر نیوز) کاہن کی بات حقیقی سمجھتے ہوئے ایک خاتون کی جانب سے اپنے دو بچوں کو موت کی نیندسلانے کے بعد خود بھی خودکشی کرلیے جانے کی افسوس ناک واردات یہاں کل پیش آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وی آر اوشا نامی خاتون اپنے بچوں کے مستقبل کے سلسلہ میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک کاہن کے پاس چلی گئی۔ کاہن نے اپنے حساب سے بچوں کا مستقبل روشن نہ ہونے کی بات کہی جس پر مذکورہ خاتون کو فکر لاحق ہوگئی۔ گھر آکر اپنے شوہر اور اس کی بہن کی کے ساتھ بھی اس سلسلہ میں بات کی تو انہو ں نے اسے سمجھاتے ہوئے کہا کہ کاہن کی تمام باتیں حقیقت پر مبنی نہیں ہوتی ہے اس لیے اس بارے میں دوبارہ نہ سوچیں ۔ لیکن خاتون کو کاہن کی باتوں پر اتنا یقین تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے بچوں کے تعلق سے پریشان نظر آنے لگیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سنیچر کو دوپہر کے وقت جب شوہر اپنے آبائی گاؤ ابلوڈا گیا ہوا تھا تو اس نے اپنے بچوں کو نیند کی گولیاں دیں اور پھر ان کا گلادباکرقتل کردیا۔ بعد میں خود بھی پھانسی کے پھندے پر لٹک گئی۔واردات اس وقت منظر عام پر آئی جب اس کے شوہر اشوک نے اس کے فون پر رابطہ کیا لیکن جب کوئی جواب نہیں ملا تواس نے اپنے پڑوسی کے موبائل پر فون ملایا جس کے بعد یہ پورا معاملہ سامنے آیا ۔ ایک لڑکے کی عمر دس سال جبکہ ایک کی عمر تیس ماہ بتائی جارہی ہے۔
Share this post
