کدری پارک کے قریب سے بازیافت خاتون کے قتل کے الزام میں ایک جوڑا گرفتار

منگلورو 15/ مئی 2019(فکروخبر نیوز)  منگلور میں کدری پارک کے قریب واقع ایک دکان سے بازیافت ہونے والی لاش کے قتل کے الزام میں پولیس نے ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس جوڑے پر الزام ہے کہ اس نے قرضہ کی ادائیگی سے جان چھڑانے کے لیے موقع دیکھ کر شریمتی کا قتل کردیا اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے ایک تھیلے میں بھر کر کدری پارک کے قریب واقع ایک دکان کے پاس چھوڑ دیئے تھے۔ ذرائع کے مطابق لاش کے بقیہ جسم کے حصہ ملنے ابھی باقی ہیں اور پولیس اس سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملزمان کی شناخت جوناس سیمسنگ (36) اور اس کی بیوی وکٹوریہ میتھائیس (46)  کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ جوناس پر الزام ہے کہ اس نے شریمتی سے ایک لاکھ روپئے قرضہ لیا تھاجن میں سے چالیس ہزار کا قرضہ لوٹا تھا، مالی پریشانی کی وجہ سے مزید قرضہ ادا نہیں کرسکتا تھا۔ دوسری طرف شریمتی قرضہ لوٹانے کے لیے باربار اصرار کررہی۔ دو دن قبل وہ قرضہ لوٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جوناس کے گھرآئی۔ مذکورہ جوڑے پر الزام ہے کہ انہو ں نے موقع دیکھ کر اس کا قتل کردیا اور اس کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے تھیلوں میں بھر کر مختلف جگہوں پر پھینک دئیے۔ بتایا جارہا ہے کہ جوناس کوگرفتار کرتے وقت اس نے خودکشی کی بھی کوشش کی جس میں اسے زخم آئے ہیں اور اسے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس نے شریمتی کے اسکوٹر کے ساتھ دیگر چیزیں بھی برآمد کرلی ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

Share this post

Loading...