بھٹکل میں موسلادھار بارش کے بعد رنگین کٹہ تالاب میں تبدیل ، مسافروں کو پریشانی، کیوں حل نہیں ہو پارہا ہے یہ مسئلہ؟؟

بھٹکل یکم اگست 2024 ( فکر و خبر نیوز) موسلا دھار بارش کے بعد یہاں کے رنگین کٹے علاقے میں اہم شاہراہ پر پانی جمع ہونے سے آمد و رفت کے لیے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے مختلف انداز میں اس مسئلے کی طرف افسران کی توجہ مبذول کرائی گئی اور ایم ایل اے اور ضلع انچارج منسٹر منکال وائدیا نے بھی افسران کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف توجہ دلائی تھی لیکن اس کے باوجود یہ مسئلہ جوں کا توں باقی ہے۔ جب بھی موسلا دھار بارش ہوتی ہے تو رنگین کٹے کے علاقے میں مسائل کھڑے ہو جاتے ہیں۔
اس مسئلے کے حل نہ ہونے کی وجہ سے مسافر شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں اور اہم شاہراہ توسیعی مرحلے کی کمپنی آئی آر بی پر الزامات کی بارش کر رہے ہیں۔ رنگین کٹے میں جہاں یہ پانی جمع ہو رہا ہے وہاں سڑک سڑک فور لائن سے دو لائن میں بدل جاتی ہے اور 100  میٹر کے درمیان بھاری مقدار میں پانی جمع ہو جانے سے سواریوں کو گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوام اس کا الزام آئی آر بی کمپنی سمیت افسران پر بھی لگا رہی ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہیں اور ادھورے اورغیر سائنٹیفک کام کی وجہ سے جگہ جگہ عام شاہراہ پر مسافروں کو تکالیف سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے اس کے باوجود ٹول وصولی برابر کی جا رہی ہے اور مسافروں کو راحت نہیں مل پا رہی ہے۔
 آج بھی جمع شدہ پانی سے کئی مسائل کھڑے ہورہے ہیں اور ٹرافک کی ایک لمبی قطار توسیعی مرحلہ کی متعلقہ کمپنی اور متعلقہ ذمہ داران کی بے توجہی کا منہ بولتا ثبوت پیش کررہی ہے۔

Share this post

Loading...