ابھی کل پیش آئے تین تازہ مختلف سڑک حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ پتور تعلقہ کے گولی ہوٹو نامی علاقے میں پیش آنے والے سڑک حادثہ میں لاری نے ایک خاتون کو رونددیا جوموقعۂ واردات پر ہی ہلاک ہوگئی ۔ فکروخبر کے مطابق خاتون کی شنا خت جانکی (35) مقیم کونالو کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اپنا انگڈی سے منگلور جارہی تیز رفتار لاری گولی ہوٹو نامی علاقے میں سڑک کے کنارے پیدل چل رہی مذکورہ خاتون کو روندتے ہوئے آگے بڑھی تھی جو ہلاک ہوئی ۔اس حادثے سے مشتعل عوام نے لاری پر پتھراؤ کرتے ہوئے لاری کو شدید نقصان بھی پہنچایا ہے۔ پتور پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔دوسرا حادثہ اچھلا کے قریب اہم شاہراہ 66پر پیش آئی جہاں ایک تیز رفتار کار نے ٹرک کلینر کو رونددیا۔مہلوک کی شناخت منجومقیم کوڈلیگی ، بلاری کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منجو اور ٹرک ڈرائیور ایک ہوٹل میں رات کا کھانے سے فارغ ہونے کے بعد سڑک پار کررہے تھے ، اس دوران اڈپی سے منگلور جانے والی تیز رفتار کار نے منجو کو روندیا حادثہ میں منجو شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے واردات پر ہی دم توڑدیا ۔ پڈوبدری پولیس تھانہ میں معاملہ درج ہے۔ تیسرا سڑک حادثہ بنٹوال کے قریب جکری بیٹو نامی علاقے میں پیش آیا جس میں ایک لاری نے دو موٹرسوار کو روند دیا جس کی وجہ سے اسکوٹر پر سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کی شناخت سنتوش (22) اور اشواتھ (21) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ حادثہ کی وجہ سے دونوں کو شدید چوٹیں پہنچی ہیں جن کو منگلور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ افراد بذریعہ بائک گرو ینکیری نامی علاقے میں جارہے تھے اور بائک روکنے سے پہلے ریت سے لدی تیز رفتار لاری بائک سے ٹکراگئی جس کی وجہ سے یہ دونوں لاری کی زد میں آگئے اور شدید زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے انہیں فوری ایک نجی اسپتال منتقل کیا جہاں سے انہیں منگلور کے ایک نجی اسپتا ل میں داخل کیا گیا ہے۔آئے دن پیش آنے والے سڑک حادثات کی وجہ سے لوگ مشتعل ہوگئے اور لاری ڈرائیور کی لاپرواہ ڈرائیونگ حادثات کی وجہ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور اب بھی ریت ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کی جارہی ہے اور خصوصی طور پر ٹپر لاری ڈرئیور جلدی میں لاپرواہ ڈرائیونگ کرتے ہیں اور یہی سڑک حادثات کی وجہ بنتا ہے۔ ۔ مشتعل عوام کی ناراضی سخت احتجاج کی صورت میں تبدیل ہونے سے پہلے ہی بنٹوال ٹرافک پولیس ایس آئی چندرا شیکھر رائے جائے واردات پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کرلیا۔
عمر رسیدہ جوڑے کاخادم سات لاکھ مالیت کے طلائی زیورات لے کر فرار
منگلور 15؍ جون (فکروخبرنیوز) ایک عمر رسیدہ جوڑے کا خادم لٹیرا نکلا ،خدمت معمور مزدور کی جانب سے عمر رسیدہ جوڑے کو لوٹ کر ان کے پاس موجود سات لاکھ روپئے مالیت کے سونے کے زیورات لے کر فرار ہونے کی خبر فکروخبر کو موصول ہوئی ہے ، اطلاعات کے مطابق یہ واردات شہر کے بیجل ، کاپی کڑے علاقے میں پیش آئی ہے۔ اشونی کمار نامی شخص نے اپنے والدین کی خدمت کے لیے تقریباً سات مال قبل ایس پی منجوناتھ کو مقرر کیا تھا ۔ دودن قبل صبح ساڑھے آٹھ بجے وہ قریب میں واقع ایک دکان سے بریڈ لانے کے بہانے گیا جب کافی دیر گذرنے کے بعد بھی وہ نہیں لوٹا تو عمر رسیدہ نے گھر کے سامان کی تلاشی لی جس کے بعد پتہ چلا کہ منجوناتھ سات لاکھ روپئے مالیت کے زیورات کا بیگ لے کر فرار ہوگیا ہے۔اروا پولیس تھانہ میں ایس پی منجوناتھ نے اشونی کمار کے خلاف چوری کامعاملہ درج کرلیاہے۔
گاڑی چوروں کاپردہ فاش :پولیس نے دو ملزمین کو لیا حراست میں
کارکلا 15؍ جون (فکروخبرنیوز) کارکلا پولیس کی جانب سے گاڑی چوروں کے گروہ کو گرفتار کرتے ہوئے کئی جرائم سے پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔فکروخبر کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت نجیم مقیم کارکلا جاری گدے اور ابوبکر مقیم کوٹیکار منگلور کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جن پر الزام ہے کہ یہ لوگ بائک چرانے کے بعد جعلی نمبر پلیٹ لگاکر گاڑیاں استعمال کیا کرتے تھے اور بعد میں جعلی دستاویز بناکر فروخت بھی کیا کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق 02؍ جون کو پارک کی گئی ایک پک اپ گاڑی کو چرانے کے بعدجعلی نمبر کے ساتھ اس کا استعمال کر نے لگے ۔ ادھر پک اپ گاڑی کا مالک پرویز سلام نے پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرنے کے بعد نجیم نامی شخص پر شک بھی ظاہر کیا تھا ۔ پولیس نے درج شدہ معاملہ پر تحقیقات کرتے ہوئے نجیم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے پاس موجود پک اپ لاری بھی ضبط کرلی ہے جس کی قیمت چار لاکھ روپئے بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران اس بات کابھی انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ ملزمین میں نجیم کے خلاف منیپال پولیس تھانہ اور ابوبکر کے خلاف ہبلی ، لکھنو اور دیگر پولیس تھانوں میں چوری کے معاملات درج ہیں۔
قرضہ واپس نہ کرنے پر جان لیوا حملہ
اڈپی 15؍ جون (فکروخبرنیوز) موٹر بائک پر سوار نامعلوم افراد کی جانب سے ایک شخص پر قرضہ واپس نہ کرنے کے الزام میں جان لیوا حملہ کیے جانے کی واردات کجانڈکا میں پیش آئی ہے۔ اس حملہ میں پلپس ڈیسوزا (45) زخمی ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص اپنے بچوں کو ٹیوشن کلاس سے گھر پہنچانے کی کوشش کررہا تھا کہا س بیچ نامعلوم بائک سوار اس کی بائک کے پاس آکر رکے اور بچوں کو گھر جانے کا اشارہ کرتے ہوئے پلپس ڈیسوزا پر جان لیوا حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے اس کے پیروں پر ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے ۔ حملہ میں شدید زخمی پلپس ڈیسوزا کو منگلور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس حملہ میں اس کے دونوں پیر سخت زخمی ہوگئے ہیں۔ مدد کے لیے آواز لگائے جانے پر ایک خاتون آگے بڑھی جس کو دیکھتے ہوئے حملہ آور موقعۂ واردات سے فرار ہوگئے۔ پلپس نے پڈوبدری پولیس کو دئیے گئے بیان میں کہا ہے کہ نوین ڈیسواز نامی شخص سے اس نے تین رو زقبل کچھ رقم قرض لی تھی ۔ جب میں نے لوٹانے سے منع کیا تو اس نے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ پلپس نے مزید کہا ہے کہ اس حملہ کے پیچھے نوین اور اس کے ساتھیوں کا ہاتھ ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نوین اور پلپس کے درمیان دوستی ہوئے کئی سال گذر گئے ۔ واردات کے منظر عام پر آنے کے بعد نوین لاپتہ ہے ۔ پلپس نے نوین کے خلاف پڈوبدری پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا ہے۔ پولیس معاملہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔
Share this post
