بھٹکل کی جملہ جمعہ مساجد میں ادا کی جائے گی نماز جمعہ ؛10 سال سے کم عمر اورعمر رسیدہ افراد شریک نہ ہوں : قاضی صاحبان کا فیصلہ

بھٹکل: 10جون 2020 (فکروخبرنیوز)لاک ڈاون میں نرمی کے اعلان کے بعد پہلے جمعہ کے تعلق سے بھٹکل کے قاضی صاحبان نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ   جمعہ مساجد میں ہی جمعہ کی دوگانہ ادا کی جائے گی ، 10 سال سے کم عمر کے بچوں اور عمر رسیدہ افراد کوجمعہ کی نماز میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی 
 ملک بھر میں کوروناوائرس کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے  دو ماہ سےزائد وقفہ سے جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد تھی ، وہیں حکومت نے رہنماہدایات جاری کرتے ہوئے 8  جون سے مذہبی مقامات کھولنے کی اجازت دی تھی جس کےبعدملک بھر میں  لوگوں نے سماجی فاصلہ  سمیت تمام حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نماز باجماعت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے 

 جمعہ  کے اجتماعات کے تعلق سےسماجی فاصلہ کو برقراررکھتے ہوئے نماز کی ادائیگی کو کس طرح ممکن بنایا جائے اس تعلق سے  آج مجلس اصلاح و تنظیم دفتر میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں قاضی صاحبان نے متفقہ فیصلہ لیتے ہوئے تمام جمعہ مساجد میں ہی نماز اداکئے جانے کااعلان کیا ہے 
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ بھٹکل کی جملہ جمعہ مساجد میں جمعہ کی نماز ادا کی جائے گی  وہیں جگہ کی ناکافی ہونے کے خدشہ کے پیش نظر  عمر رسیدہ افراد اور 10 سال سے کم عمر بچوں کو نماز میں شریک ہونے سے منع کیا گیا ہے ، اور ان افراد کی جمعہ کی نماز میں غیر حاضری کو عذر تسلیم کیا جائے گا ، انہوں نےمثال دیتے ہوئے کہا کہ قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا اقبال ندوی  نے بھی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ خود بھی عمر رسید ہونے کی بنا پر جمعہ کی نماز میں شریک نہیں ہونگے 
مولانا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی نماز کی ادائیگی کےلئے لوگ  مساجد کا رخ کریں

Share this post

Loading...