بھٹکل 29؍ جولائی 2018(فکروخبر نیوز) جے سی آئی بھٹکل یونٹ کی جانب سے ٹرافک کے سلسلہ میں بیداری پیداکرنے کے لیے چار کلومیٹر کی ایک ریلی نکالی گئی اور ٹرفک قوانین پر سختی سے عمل پیرا ہونے کا خاموش پیغام دیا۔ نوائط سے کالونی اہم شاہراہ سے نکلی یہ ریلی مین روڈ ، پھول بازار سے ہوتے ہوئے شہری پولیس تھانہ پہنچی جہاں جے سی آئی کے ذمہ داروں اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی ویلائنٹائن ڈیسوزا نے نامہ نگاروں سے بات چیت کی۔ جے سی آئی کے مقامی صدر عبدالجبار نے کہا کہ بھٹکل میں ہیلمٹ کو لازمی قرار دئیے جانے اور دیگر ٹرافک قوانین کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے پولیس کے اشتراک سے یہ ریلی منعقد کی گئی ہے۔ زون کے صدر راکیش کنجور نے اس موقع پر اپنے خیالات کے اظہار کے دوران پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمۂ پولیس کی جانب سے جو بھی ٹرافک کے قوانین بنائے جاتے ہیں اور انہیں لاگو کرنے کی کوشش کی جاتی ہے وہ ہمارے ہی حفاظت کے لیے ہے او راس پر عمل کرنا ہمارا فریضہ بن جاتا ہے۔ لہذا اپنی حفاظت کے لیے ان قوانین پر ہم عمل کریں ۔ انہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ دودن قبل ملور میں ایک شخص کی گاڑی گڈھے میں گرنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا لیکن اس کے ڈرائیور کو خراش تک اس وجہ سے نہیں آئی کہ وہ سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے تھا اس لیے قوانین پر سختی سے عمل کرنے سے ہماری حفاظت بھی ہوجاتی ہے۔ڈی وائی ایس پی ویلائٹنائن ڈیسوزانے کہا کہ کئی دنوں سے ہمارے ذہنوں میں یہی بات تھی کہ بھٹکل میں ٹرافک کے اصول پر سختی سے عمل ہوں اور ہم نے اس سلسلہ میں پیش رفت کرتے ہوئے بھٹکل مین بازار میں ون وے بھی شروع ہوگیا ہے اور ٹرافک پارکنگ کے سلسلہ میں کئی اہم ضابطے لاگو کیے گئے ہیں۔ ہم اس سلسلہ میں عوامی بیداری پروگرام کے بارے میں سوچ ہی رہے تھے کہ ہمارے جے سی آئی نے آگے قدم بڑھاتے ہوئے ہمارے محکمہ کا تعاون کیا ہے۔
Share this post
