2023 کے کرناٹک اسمبلی انتخابات : سابق بی جے پی لیڈر جناردھن ریڈی نے بنائی اپنی سیاسی پارٹی

25؍ دسمبر 2022(فکروخبرنیوز) کان کنی کے تاجر اور سابق بی جے پی لیڈر گلی جناردھن ریڈی نے اتوار 25 دسمبر کو 'کلیانہ راجیہ پرگتی پکشا' کے نام سے اپنی سیاسی پارٹی کا آغاز کیا۔ یہ اعلان 2023 میں ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات سے پہلے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں کلیانہ کرناٹک علاقے کے لوگوں کی خدمت کرنے آیا ہوں۔ میں آئندہ انتخابات میں ہر گاؤں اور ہر گھر کا دورہ کروں گا۔ سیاسی پارٹیوں کے لیے ریاست کے لوگوں کو تقسیم کرکے فائدہ حاصل کرنا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی سماجی مصلح بساونا کے نظریات پر عمل کرے گی اور ذات پات اور فرقہ وارانہ خطوط پر مبنی تقسیم کی سیاست کے خلاف لڑے گی۔

کرناٹک میں اسمبلی انتخابات 2023 کے پہلے نصف میں ہونے والے ہیں اور زیادہ تر امکان ہے کہ اپریل یا مئی میں ہوں گے۔ جناردھن ریڈی، جنہوں نے بلاری علاقہ میں بی جے پی کی شاندار کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا، کہا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کوپل ضلع کے گنگاوتی حلقہ سے انتخاب لڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست کا دورہ کریں گے اور پارٹی کے منشور، نشان، امیدواروں اور ان کی انتخابی نشستوں کی تعداد کے بارے میں آنے والے پندرہ دن میں مزید اعلان کریں گے۔

بی جے پی کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلافات کو مسترد کرتے ہوئے جناردھن ریڈی نے کہا کہ بی ایس یدیورپا اور جگدیش شیٹر (دونوں کرناٹک کے سابق چیف منسٹرس بی جے پی) واحد لیڈر تھے جو میری گرفتاری کے بعد میرے خاندان سے ملنے گئے۔ کسی اور نے میرا ساتھ نہیں دیا۔ جب آپ اچھے وقت میں ہوں گے تو ہر کوئی آس پاس ہوگا۔ صرف برے وقت میں ہی آپ کو معلوم ہوگا کہ آپ کے دوست کون ہیں۔ انہوں نے یدی یورپا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی باپ بیٹے جیسا ہی بتایا۔

لوہے کی کان کنی کے ٹائیکون کو 2015 میں 35,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں تین سال سے زیادہ قید میں رہنے کے بعد ضمانت ملی تھی۔ سپریم کورٹ نے انہیں اپنا پاسپورٹ تبدیل کرنے اور ضمانت دیتے ہوئے بغیر اجازت ملک سے باہر نہ جانے کا حکم دیا۔ اسے سپریم کورٹ نے کرناٹک کے بلاری، اننت پور، یا آندھرا پردیش کے کڑپہ جانے کی بھی اجازت نہیں دی تھی، اور سی بی آئی نے ایسے دوروں کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی تھی کہ وہ گواہوں کو دھمکا سکتا ہے۔ تاہم، اگست 2021 میں عدالت عظمیٰ نے انہیں بلاری واپس آنے کی اجازت دی۔

جناردھن ریڈی کی اپنی سیاسی تنظیم کے آغاز سے آئندہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بعض حلقوں میں بی جے پی کے امکانات پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

دی نیوز منٹ کے ان پٹ کے ساتھ

Share this post

Loading...