بھٹکل /جدہ 17؍ جولائی 2021(فکروخبرنیوز) ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی قلت کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے ۔ مختلف شہروں اور علاقوں سے دل دہلادینے والی تصاویر سوشیل میڈیا اور دیگر ذرائع سے وائرل ہوئیں ، ان تصاویر کو دیکھ کر انسانیت کا درد رکھنے والے افراد اپنےآپ پر قابو نہیں رکھ پائے ۔ ان سے جتنا ہوسکتا تھا انہوں نے اپنی خدمات قوم وملت کے لیے پیش کیں۔ انہی انسانیت کا درد رکھنے والوں میں اہم نام بھٹکل سے تعلق رکھنے والے جناب قمر سعدا صاحب کا ہے جنہیں انسانیت کی اس عظیم خدمت خصوصی طور پر سعودی عربیہ سے ہندوستان کے لیے آکسیجن کی فراہمی کے لیے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے گذشتہ دنوں اعزاز سے نوازا گیا۔
جناب قمر سعدا سماجی خدمات کے لیے ایک جانا پہچانا نام ہے۔ سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانے کے اعلیٰ عہدیداروں سے گہرے تعلقات ہیں اور اس سے جڑے اہم کاموں کے لیے اپنی خدمات ہمیشہ پیش کرتے آرہے ہیں۔ بھٹکل اور اس کے مضافات سے تعلق رکھنے والے سعودیہ میں مقیم افراد ہو یا پھر کرناٹک ، کیرلا ، مہاراشٹرا ، یوپی اور بہار سمیت مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنےو الے افراد کا جدہ قونصل خانہ یا پھر سفارتخانے سے جڑا کوئی کام ہو انہوں نے ہمیشہ لوگوں کی رہنمائی کی ہے۔
1979 میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کا رخ کیا جہاں ان کے والد دبئی ، عجمان کے محکمۂ دفاع میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ اپنی پڑھائی کی تکمیل کےبعد انہوں نے مختلف کمپنیوں میں سلیس مینیجر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد اپنے تجارت سے منسلک ہوگئے ، اس دوران سماجی میدان میں انہوں نے اپنا اہم کردار ادا کیا۔ حجاج کی خدمت کے لیے ہندوستانی سفارتخانہ کی قائم شاخ آئی پی ڈبلیو ایف سے جڑے رہے اور تین سال تک جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز رہ کر حجاج کرام کی خدمت کی۔
جناب قمر سعدا صاحب جدہ جماعت کے نائب صدر اور جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ موصوف این آر آئی فورم کرناٹکا کے لائف ممبر ہیں اور مختلف تنظیموں سے وابستہ ہیں۔ بھٹکل میں جماعت المسلمین بھٹکل کے رکن ہیں اورتعلیمی ادارے انجمن حامئی مسلمین کے رکن انتظامیہ ہیں۔
ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے ملنے والے اس اعزاز پر فکروخبر بھٹکل جناب قمر سعدا صاحب کو دلی مبارکبادی پیش کرتا ہے۔
Share this post
