بھٹکل 06؍ جون 2022(فکروخبرنیوز) جمعیت الحفاظ بھٹکل کے زیر اہتمام بھٹکل کے حفاظ کے مابین حفظ مسابقہ مؤرخہ 9 اور 10ذیقعدہ 1443 ھ مطابق 9 اور 10 جون 2022ء بروز جمعرات وجمعہ تنظیم جمعہ مسجد کی بالائی منزل پر منعقد کیا جارہا ہے میں تقریباً ڈھائی لاکھ روپئے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
اس بات کی جانکاری جمعیت کے صدر مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے پریس کانفرنس میں دی ۔ انہوں نے جمعیت الحفاظ کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کے حفاظ کو جوڑے رکھنے اور ان کا حفظ پختہ رکھنے کے لیے اس پلیٹ فارم سے کوششیں کی جاتی ہیں اور ہر دو سال میں ایک مسابقہ منعقد کرکے حفظِ قرآؑنِ کریم کا شوق بھی پیدا کیا جاتا ہے جس کے مثبت اثرات ان دس سالوں میں ہم دیکھ رہے ہیں۔
جمعیت الحفاظ کے جنرل سکریٹری مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی نے بتایا کہ اس مسابقہ میں شرکت کے لیے ایک فارم تیارکیا گیا تھا جسے تقریباً 150 حفاظ نے پر کیا تھا۔ مسابقہ میں شرکت کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں تھی ، بعد میں عمر کو دیکھتے ہوئے انہیں علیا ، سفلی اور وسطیٰ گرپوں میں تقسیم کیا گیا جس میں سے پہلے مرحلہ کے انتخاب کے بعد یہ تعداد گھٹ کر 95 ہوگئی۔ دوسری جانچ میں سے مسابقہ کے لیے پچیس مساہمین کا انتخاب کیا گیا ہے جنہیں 9 اور 10 جون کو ہونے والے مسابقہ میں اپنی قسمت آزمانے کا موقع دیا جائے گا۔
مسابقہ کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، ہر گروپ میں 12 مساہمین ہیں جبکہ وسطیٰ میں 13 مساہمین موجود ہیں۔
جمعیت کے ذمہ داران نے تمام افراد سے اس دو روزہ پروگرام میں شرکت کی گذارش کی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ یہ مسابقہ اپنی نوعیت کا منفرد مسابقہ ہوگا اور اس کے ذریعہ سے عوام میں اپنے بچوں کو بھی حافظ بنانے کا داعیہ پیدا ہوگا۔
Share this post
