بھٹکل میں جمعیت الحافظات کے قیام کا اعلان ، جلد ہی ان کے درمیان بھی منعقد ہوں گے حفظِ قرآن مسابقے

بھٹکل 03؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) شہر بھٹکل میں جملہ حفاظ کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرنے اورحفظِ قرآن کی اس دولت کو استحکام بخشنے کی غرض سے قائم جمعیت الحفاظ بھٹکل اپنے حلقہ میں اپنی بہترین خدمات دے رہا ہے ۔ اسی جمعیت کی جانب سے اپنی نوعیت کے منفرد پروگراموں نے چند ہی مدت میں اس کاشہرہ دور دور تک ہوا اور یہ تنظیم دوسروں کے لیے قابلِ تقلید بنی ہوئی ہے۔ اسی طرز پر ہندوستان کے دیگر شہروں میں جمعیت الحفاظ کے نام سے تنظیموں کا قیام عمل میں آرہا ہے اور اس کے ذریعہ سے حفظ کے استحکام کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ 
بھٹکل میں تقریباً ایک ہزار سے زائد حفاظ اور حافظات موجود ہیں۔ اتنے چھوٹے سے قصبے میں اتنی بڑی تعداد میں حفاظ اور حافظات کا ہونا نعمتِ خداوندی سے کم نہیں ہے۔ اس نعمت کی قدر کے لیے ہی اس طرح کی کوششیں جاری ہیں۔ حالیہ دنو ں میں اس تنظیم کی جانب سے ریاست کرناٹک وگوا کے حفاظ کے درمیان منعقدہ حفظ قرآن مسابقہ کے پروگرام میں جمعیت الحفاظ بھٹکل کے ذمہ داروں نے جمعیت الحافظات بھٹکل کے قیام کا اعلان کیا۔ انہو ں نے بتایا کہ کثیر تعداد میں موجود حافظات کے درمیان بھی اسی طرح کے مسابقات جلد ہی منعقد کیے جائیں گے۔

Share this post

Loading...