بھٹکل 9 جون 2022(فکرو خبر نیوز) جمعیت الحفاظ بھٹکل کی جانب سے بھٹکل کے حفاظ کے مابین دوروزہ مسابقہ قرآن کریم کا آج پہلا دن ہے۔
اس کی پہلی نشست بعد عصر منعقد ہوئی جو مغرب تک چلی اور دوسری نشست کا آغاز بعد نماز عشاء ہوا۔
سفلی ، وسطی اور علیا کے مساہمین نے اپنی قسمت آزمائی۔
اس موقع پر قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے قرآن کریم کے تعلق سے کی جانے والی کوششوں کی سراہنا کی اور منتظمین کی خدمت میں مبارکباد پیش کی ۔ مولانا نے کہا کہ ہم اس شہر میں جہاں قرآن کریم کے پیغام کو عام کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ اس ماحول میں رہ کر بھی اگر کوئی قرآن کریم پڑھنا نہ جانیں تو پھر اللہ کے یہاں یہ عذر قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
اسں سے قبل والی نشست میں مولانا سمعان ندوی نے جمعیت کا مختصراً تعارف پیش کرتے ہوئے اس کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی تھی اور بتایا کہ جمعیت نے گزشتہ گیارہ سالوں میں بھٹکل کے حفاظ کے حفظ کے استحکام کے لیے کوششیں کی ہیں اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی ۔
واضح رہے کہ پروگرام کی تیسری نشست کل بروز جمعہ بعد عصر منعقد ہوگی اور چوتھی و آخری نشست بعد نماز عشاء منعقد کی جائے گی جس میں مسابقہ کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور مساہمین کے درمیان انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ پروگرام فکرو خبر کے یوٹیوب چینل Fikrokhabar TV پر لائیو نشر کیا جارہا ہے ۔ کل بروز جمعہ بعد عصر و عشاء کی دونوں نشستیں بھی اس چینل پر ان شاءاللہ لائیو نشر کی جائیں گے۔
Share this post
