جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور کرناٹک میں مسابقہ خطبات جمعہ کا انعقاد

کنداپور 24؍ اگست 2023 (فکروخبر/ موصولہ رپورٹ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی کی نمایاں خصوصیات میں سے خطیب ہونا بھی ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی بھر جمعہ اور دیگر موقعوں پر اپنے بلیغ اور جامع خطبات کے ذریعے اپنی امت کی اصلاح و رہنمائی فرمائی، چونکہ علماء نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے وارث ہیں، چنانچہ انہیں بھی نبی کی صفات سے متصف ہونا ضروری ہے، بالخصوص قیام مدارس اسلامیہ کے مقاصد میں سے یہ بھی ہے کہ یہاں سے فارغ ہونے والے علماء ان تمام اسباب و آلات سے لیس ہوں، جن کی میدان عمل میں ضرورت ہوتی ہے، ان خیالات کا اظہار ناظم جامعہ مولانا عبید اللہ ابوبکر ندوی نے مسابقہ خطبات جمعہ کے موقع پر کیا، ان سے قبل استاد حدیث و تفسیر جامعہ مولانا الیاس صاحب ندوی نے اس مسابقے میں شریک تمام طلباء کو مبارکباد پیش کی اور خطبہ جمعہ کو از خود ادا کرنے کی ترغیب دی؛ نیز ان طلبہ پر محنت کرنے والے تمام اساتذہ و معاونین کے حق میں عالی کلمات کہے اور خوب دعاؤں سے نوازا۔

واضح رہے کہ جامعہ ضیاء العلوم کرناٹک (شاخ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ) کی روایت رہی ہے کہ یہاں کے طلباء کی تعلیمی و تربیتی ارتقاء کیلئے اللجنۃ الثقافیہ کے تحت متعدد پروگرام کیے جاتے ہیں، انہیں اسٹیج اور میدان عمل میں لانے سے پہلے خوب مشق و تربیتی مراحل سے گزارا جاتا ہے، اس دفعہ خطبات جمعہ کا مسابقہ رکھا گیا تھا، جس کیلئے تمام طلباء کو مکلف بنایا گیا تھا کہ دو مرکزی عناوین اور ایک خطبہ ثانی یاد کریں، اور اساتذہ کی نگرانی میں مختصر پیمانے پر درجات میں ہفتہ واری منعقد ہونے والے پروگرام میں پیش ان خطبات کو پیش کریں، جن میں سے 21 طلبہ کو فائنل مسابقہ کے لیے منتخب کیا گیا تھا، سبھوں نے خوب مقابلہ کیا، ان میں علياء گروپ سے انعام اول عاصم شکاری پور، دوم کیلئے الیاس اور سوم کیلئے زید رتناگیری کامیاب ہوئے اور سفلی گروپ میں اشرف علی ہتھیلی اور وسیم اکرم بنگال بالترتیب اول دوم نمبر سے کامیاب ہوئے، مزید علیا گروپ سے سات منتخب طلباء کو خصوصی اور عمومی طور پر بقیہ تمام مساہمین کو   تشجیعی انعامات سے نوازا گیا، اخیر میں طلباء عالیہ رابعہ شریعہ (جن کی محنت و کاوش اس پروگرام کی اساس تھی) نے سبھوں کا شکریہ ادا کیا، بالخصوص منتظمین اور اساتذہ کے حق گلہائے عقیدت و محبت پیش کیا اور پھر ناظم جامعہ کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا.

رپورٹ منجانب: اللجنۃ الثقافیہ (جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور کرناٹک)

Share this post

Loading...