بھٹکل 20؍ مارچ 2022(فکروخبرنیوز) ندی کنارے نو تعمیر شدہ گڈ کاگل ، کمٹہ کی شاندار اور خوبصورت مسجد کا افتتاح کل بروز سنیچر صبح دس بجے علماء کرام اور عمائدین کی موجودگی میں عمل میں آیا۔
گڈ کاگل کمٹہ تعلقہ کا ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جہاں مسلم آبادی بستی ہے۔ بحیرۂ عرب کو جوڑنے والی ندی کنارے واقع اس گاؤں کے لوگوں کا پیشہ ماہی گیری ہے۔ آباء واجداد کے زمانے سے اس پیشہ سے یہاں کے لوگ جڑے ہوئے ہیں۔
پہلے یہاں ایک چھوٹی سی مسجد تھی لیکن بڑھتی آبادی کی وجہ سے وہ ناکافی ہونے لگی اور مخیّر حضرات سے تعاون سے اب شاندار اور خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے۔
اس موقع پر بھٹکل ، منکی سے علماء کرام نے افتتاحی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے نصیحتیں کیں اور مسجد کو آباد کرانے کی فکریں کرنے پر زور دیا۔ علماء کرام نے نمازوں کی پابندی کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد کو آباد کرانے کے لیے کوششیں کرنے کی بھی نصیحت کی ۔ انہوں نے مساجد کی فضیلت بیان کرتے ہوئے نہ صرف نماز بلکہ اسلام کا ایک مرکز بنانے کی بات کی۔
کمٹہ تعلقہ کے مختلف علاقوں کے ساتھ، شیرور، تینگن گنڈی ، مرڈیشور ، منکی ، ہوناور اور انکولہ سے بھی بڑی تعداد میں افتتاحی نشست میں شرکت کی ۔
اس موقع پر مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی مولانا محمد سعود ندوی ، نائب مہتمم مولانا اسحاق ندوی ، قاضی جماعت المسلمین منکی مولانا شکیل احمد ندوی ، مہتمم مدرسہ رونق الاسلام شیرور مولانا بہاء الدین ندوی ، امام مسجد جمال حسین کاوا اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
Share this post
