جامعہ اسلامیہ میں 30 اور 31 جنوری کو منعقد ہور ہے ہیں مدارس ، مکاتب ، اسکولز اور کالجز کے طلبا کے درمیان مختلف مسابقے

بھٹکل 28؍ جنوری 2019 (فکروخبر نیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کرناٹک کے طلباء کی ثقافتی تنظیم اللجنۃ العربیہ کے زیر اہتمام 23 اور 24 جمادی الاولی 1440 ؁ھ مطابق 30 اور 31 جنوری 2019 ؁ء بروز بدھ اور جمعرات جامعہ اسلامیہ ، جامعہ آباد بھٹکل کے کیمپس میں صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل حضرت مولانا محمد اقبال ملا ندوی دامت برکاتھم کی صدارت میں دو روزہ عظیم الشان حفظ وناظرہ قرآن ، سیرت النبی ﷺ ، اسلامی تاریخ وکوئز اور اسلامی ترانے ومکالمے کے مقابلے منعقد ہونے جارہے ہیں۔ یہ مقابلے جنوبی ہند کی سطح پر دینی اور عصری اسکولز وکالجز کے طلباء کے مابین ہوں گے۔ مقابلہ کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے شرائط کا لحاظ رکھتے ہوئے مختلف مدارس ، اسکولز اور کالجز کے طلباء حصہ لے رہے ہیں۔
 

پروگرام کی تفصیلات 
افتتاحی نشست 30جنوری 2019بروز بدھ صبح دس بجے منعقد ہوگی ۔ مسابقہ کی پہلی نشست اسی روز صبح سوا گیارہ بجے منعقد ہوگی ، دوسری نشست اسی روز شام پاؤنے پانچ بجے منعقد کی جائے گی۔ مسابقہ کی تیسری نشست اسی روز بعد عشاء پاؤنے نو بجے منعقد ہوگی۔ چوتھی نشست31جنوری بروز جمعرات صبح ساڑھے نو بجے منعقد کی جائے گی اور آخری نشست 31جنوری بروز جمعرات بعد نمازِ عشاء منعقد کی جائے گی۔ یہ تمام نشستیں جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد کے کیمپس میں منعقد ہوں گی۔ 
 

مسابقے کو کل پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کی تفصیلات کچھ یوں ہے ۔ 
زمرہ نمبر ۱ میں صرف مدراس کے طلباء حصہ لیں گے جس میں دورِ حاضر کے سلگتے مسائل پر دلچسپ اور معلومات افزاء مکالمے پیش کیے جائیں گے۔ جن کے عناوین کچھ اس طرح ہیں۔ 
طلاق ، خلع وحلالہ کی شرعی حکمتیں ، تقسیمِ وراثت، حکمت او رضرورت (اسلامی قانونی اور غیر اسلامی قانون کے موازنے کی روشنی میں ) ، ہم جنس پرستی کا مقدمہ فطرت کی عدالت میں ، پردہ کی ضرورت (عقل ونقل کی میزان میں ) ، مخلوط تعلیم کے مضرات اور نقصانات (موجودہ دور کے پس منظر میں ) ، سوشیل میڈیا کے جدید ذرائع اور نئی نسل پر اس کے اثرات 
زمرہ ۲ میں صرف کالج کے طلبا حصہ لیں گے جس میں سیرت النبی ﷺ اور اسلامی تاریخ پر کوئز مقابلے ہوں گے۔ اس گروپ میں پی یوسی کے ساتھ ساتھ ڈگری کالج کے طلبا بھی شرکت کرسکیں گے۔ ، 
زمرہ ۳ میں اسکول کے طلباء کے لیے حفظِ قرآن کا مسابقہ ہوگا۔ جس میں دو گروپ بنائے گئے ہیں۔ پہلے گروپ میں پانچویں تا ساتویں کے طلباء اور دوسرے گروپ میں آٹھویں تا دسویں تک کے طلباء حصہ لیں گے۔ 
زمرہ نمبر ۴ میں اسکول کے پرائمری اسیکشن کے طلباء جس میں پہلی جماعت سے چوتھی جماعت کے طلبا حصہ لیں گے اور ان کے درمیان ناظرہ قرآن حدر مسابقہ ہوگا۔ 
زمرہ نمبر ۵ میں دینی مکاتب کے طلباء کے لیے اسلامی ترانے کا مسابقہ ہوگا۔ جس میں مینگلور اور تا گوا تک کے ساحلی اضلاع کے دینی مکاتب اور مدارس کے طلباء شریک ہوں گے۔ 

Share this post

Loading...