جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں حفاظ کرام کے اعزاز میں سجی خوبصورت نورانی و روحانی محفل

امسال شعبہ حفظ جامعہ آباد، اور جملہ مکاتب سے کل 35 طلبہ نے کی حفظ قرآن مجید کی تکمیل

مفتی سبیل احمد خان صاحب دامت برکاتہم کا عوام کو صبر و استقامت، وحدت، حکمت ، خدمت انسانیت اور دعوت کا سبق

پتہ پتہ سے ہے ظاہر نور و نکہت کا سماں
چپہ چپہ میں خوشی کا ایک عالم ہے عیاں

ہے فضائے جامعہ اب خوشنما عنبر فشاں
گوشہ گوشہ ہوگیا ہے رشک گلزار جناں

جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد بھٹکل کی مسجد کے احاطہ میں کل 15 رجب المرجب 1441ھ مطابق 11 مارچ 2020ء بروز بدھ شب نو بجے حفاظ کرام کے اعزاز میں ایک خوبصورت نورانی و روحانی محفل سجائی گئی جس میں شعبہ حفظ جامعہ آباد اور جملہ مکاتب جامعہ سے کل 35 حفاظ کرام نے اپنے حفظ کلام اللہ کی تکمیل مہمان خصوصی مولانا مفتی سبیل احمد صاحب دام ظلہ کے ذریعہ کی۔ 
اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے حفاظ کرام اور سرپرستوں کو مبارکباددی کہ حفاظ کے ساتھ ان کے والدین کو بھی انعام سے نوازا جائے گا،اور فرمایا کہ اللہ کی نظر کرم ان پر ہے اس لیے انہیں اپنے کلام کی حفاظت کے لیے قبول کیا، نیز فرمایا کہ حفظ قرآن اللہ کا بہت بڑا اعزاز ہے، جتنا بڑا اعزاز ہوتا ہے اتنی ہی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے، نعمتوں کا ملنا آسان ہے مگر باقی رکھنا مشکل، اس لیے اس نعمت کی کما حقہ قدر کریں ناقدری حقیقی اعزاز سے محرومی کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید فرمایا کہ یہ مکاتب و مدارس دین کی بقاو ترویج کا ذریعہ ہیں، اس کے لیے اپنا جان اور مال لگانے کی فکر کریں، علماء سے جڑے رہیں اور یکسو ہو کر دین و احکام شریعت پر کاربند رہیں۔
مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی سبیل احمد خان صاحب دامت برکاتہم fik_صدر جمعیت علماء تمل ناڈو ، خلیفہ فقیہ الامت حضرت مولانا محمود الحسن گنگوہی رحمہ اللہنے اولاً حفاظ، سرپرستان، اساتذہ، معاونین، محبین و متعلقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس نورانی محفل میں فرشتوں کا نزول ہورہا ہے جس کا میں مشاہدہ کررہا ہوں۔ 
موصوف نے علماء و حفاظ کے مقام و مرتبہ کو احادیث و واقعات کی روشنی میں بیان کیا اور فرمایا کہ یہ علماء اور حفاظ کرام مدرسوں میں انسانیت سازی اور افراد سازی کے کارخانے ہیں، یہ ایمان کے پاور ہاوس ہیں عوام کا جس درجہ تعلق ان سے ہوگا دین سے واقفیت و استقامت میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ نیز مدارس کی اہمیت اور اس کے مقام کو واضح کرتے ہوئے علماء سے بدظن، مدارس سے بیزار لوگوں کے حالات کا تذکرہ کیا اور فرمایا کہ جب تک یہ علماء زندہ ہیں تب تک ملک میں اسلام زندہ ہے، دین چاہیے تو مدارس چاہیے اس سے زندگی مین دین باقی رہے گا۔
قرآن مجید کے چار حقوق : تجوید سے پڑھنا، اس کو سمجھنا، اس کے مطابق زندگی بنانا اور اس کی تبلیغ کرنا ، اس پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج جس سنگین دور سے ہم گزر رہے ہیں ہم اپنا تعلق قرآن سے عملی درجہ میں مضبوط بنائیں، سیرت نبوی میں آج کے حالات کا حل تلاش کریں، نبی کی زندگی کو اسوہ بنائیں۔
قرآن سے متعلق اپنے تجربات اور واقعات کی روشنی میں اپنا درد نکال کر مکی زندگی کی روشنی میں ہمیں صبر و استقامت، وحدت، حکمت ، خدمت انسانیت اور دعوت کے طرق کو بڑھانے کا سبق دیا، اور برادران وطن کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت کا اظہار فرمایا۔
اخیر میں حفاظ کو پیغام دیا کہ آپ سونا ہیں، سونا پوری دنیا میں چمکتا ہے، آپ کو دنیا کی طرف رال ٹپکا کر دیکھنے کی ضرورت نہیں، اپنے مقام کو پہچانئے۔جو حافظ قرآن روزانہ تین پارے کی تلاوت کرے گا وہ تا حیات ان شاء اللہ کبھی نہیں بھولے گا۔ قرآن کی دعوت ھدیً للناس پر عمل کریں اور دور اور دیر کے لیے قرآن کا پیغام لے کر دنیا کے چپہ چپہ میں جائیں۔امت میں جو خوف و ڈر پھیلا ہے اللہ تعالیٰ اس کے خاتمہ کا فیصلہ فرمائے اور اس کے لیےغیب کے خزانے سے وسائل مہیا فرمائے۔ اور بانیان و محبین جامعہ کی خدمات پر اجر جزیل عطا فرمائے۔
اختتام جلسہ پر جملہ حفاظ کرام نیزجامعہ میں تدریسی خدمات کے ساتھ حفظ کی تکمیل کرنے والے اساتذہ اور عالمیت کے دوران حفظ کرنے والے طلبہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
ملحوظ رہے کہ اس محفل کا آغاز عزیزی حافظ حمدان رکن الدین کی خوش الحان تلاوت اور حافظ احمد گوائی کی نعت سے ہوا، صدر شعبہ حفظ جامعہ آباد مولانا حافظ عمران اکرمی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔مولانا عبدالعلام ندوی اور مولوی سلیمان پناکی نے جلسہ کی نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے۔ عزیزم طریف ابوحسینا نے حفاظ کرام کی تہنیت میں مولانا سید ہاشم نظام ندوی کی تیار کردہ نظم مترنم آواز میں سامعین کے گوش گزار کی۔ 
قریب شب پون بجے یہ نورانی محفل اختتام پذیر ہوئی۔جامعہ کے ذمہ داران، اساتذہ و طلبہ اور سرپرستان کے علاوہ عمائدین شہر اور اطراف و اکناف سے تشریف فرما خواص و عوام کی کثیر تعداد شریک محفل رہی۔

علاقات عامہ 
جامعہ اسلامیہ بھٹکل

Share this post

Loading...