جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی ویب سائٹ کا صدرِ جامعہ کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا اجراء ، ویب سائٹ کئی خصوصیات کا ہے حامل

بھٹکل 25؍ اگست 2021(فکروخبرنیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی ویب سائٹ کا اجراء آج صبح گیارہ بجے کانفرنس ہال میں صدر جامعہ حضرت مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔

ویب سائٹ ظاہری حسن کے اعتبار سے پسند کیا جارہا ہے اور مواد کے اعتبار سے بھی وہ کئی خصوصیات کا حامل ہے۔

اس موقع پر فکروخبر سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ذمہ داران اور ویب سائٹ کو منظر عام پر لانے کے لیے کوششیں کرنے والوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے جامعہ کا ایک ترجمان قرار دیا اور کہا  کہ موجودہ دور میں اس بات کی ضرورت شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی تھی کہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کا بھی ایک ویب سائٹ ہونا چاہیے جس میں اس کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اس کے فارغین کی کاوشیں بھی دیکھنے او رپڑھنے کو ملے۔ ماشاء اللہ اس پر کام شروع کیا گیا اور بڑی کوششوں کے بعد اسے آج منظر عام پر لایا گیا۔

مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کہا کہ ویب سائٹ کو روزانہ اپڈیٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے طلباء سے بھی درخواست کی کہ وہ اس میں شائع ہونے والے مواد کو پڑھیں۔ مہتمم صاحب نے فارغین سے بھی درخواست کی کہ وہ اس کے فیض کو عام کرنے کے لیے جامعہ کا تعاون کریں اور علمی کاوشیں اس کے ذمہ داران تک پہنچانے کی کوشش کریں تاکہ اس پر غوروخوض کے بعد اسے حتمی شکل دے کر اسے افادۂ عام کے لیے شائع کیا جائے۔

نائب ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد طلحہ رکن الدین ندوی نے کہا کہ اس کے اندر جامعہ کے لیے ضروری چیزوں کو جگہ دی گئی ہے، ایک کوشش کی گئی تھی کہ جامعہ سے متعلق تمام چیزوں کا احاطہ کیا جاسکے اور اسی کے مطابق آج اس کا رسمِ اجراء عمل میں آیا۔

فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے پچاس سالہ تعلیمی کنونشن کے موقع پر اس کی شدید ضرورت محسو س کی گئی اور اس کے بعد سابق مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل حضرت مولانا عبدالباری صاحب ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے دورِ اہتمام ہی میں اس کام کا آغاز کیا گیا تھا لیکن اس کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی تھی ۔ دیر آید درست آید کے تحت آج اس کا اجراءعمل میں لایا گیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ ویب سائٹ کئی خصوصیات کا حامل ہے۔ دینی ادارہ کی حیثیت سے اس میں جو مواد ہونا چاہے اس کا احاطہ کیا گیا ہے اور ٹیکنیکل اعتبار سے بھی یہ اپنی امتیازی شان رکھتا ہے۔

مولانا عبدالمتین منیری نے کہا کہ اپنے علاقہ میں جامعہ کو حاصل مرکزیت کا مقتضیٰ یہ ہےکہ علمی میدان میں اور علمی مواد کی فراہمی میں اس کے ذریعہ فائدہ اٹھایا جاسکے۔ جس طرح آج ویب سائٹ ایک انسائیکلو پیڈیا کی حیثیت اختیار کرتا جارہا ہے اور اس کے ذریعہ علمی ، اجتماعی اور دینی ضرورتیں بھی پوری ہورہی ہیں۔ جامعہ کے اس ویب سائٹ کے ذریعہ بھی یہ ضرورتیں پوری کرنے کی کوشش کی جائے گا۔

ویب کو ڈیزائن اور ڈیولپ کرنے والے جناب اسرار صاحب نے اس کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا ہماری خواہش تھی کہ ویب سائٹ کھلتے ہی جامعہ کی ایک اسی تصویر ہو جس سے جامعہ کے کیمپس کا ایک نظارہ ملے۔ الحمدللہ اللہ کے فضل سے ہم اس میں کامیاب ہوگئے۔ اس تصویر کی خصوصیت یہ ہے کہ دن کے اوقات میں جامعہ کی نظارہ دن کا دکھائی دے گا اور رات کے موقع پر مغرب کے بعد کا منظر دیکھنے کو ملے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ  جامعہ کے میگزین کو بھی اس میں جگہ دی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس کی دیگر خصوصیات بھی ہیں۔

تقریب میں جامعہ کے ذمہ داران واساتذہ وغیرہ موجود تھے۔ 

ویب سائٹ دیکھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔ 

جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی ویب سائٹ

 

رسمِ اجراء کی تقریب کی جھلکیاں دیکھئے اس لنک پر

Share this post

Loading...