امسال کل چورانے طلباء اور تین مفتیان سندِ فراغت حاصل کررہے ہیں
بھٹکل / 26فروری2020(فکروخبر نیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبہئ عالمیت سے تاریخ کا سب سے بڑا بیج فراغت حاصل کررہا ہے۔ امسال عالیہ رابعہ سے کل 94طلباء اور دار الافتاء سے تین طلباء فراغت حاصل کررہے ہیں جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔فراغت پانے والے طلباء اپنی تعلیمی روداد سنانے کے لیے ایک درسگاہ کے احاطہ میں ایک خوبصورت اسٹیج سجایا گیا جس کی تیاریاں گذشتہ ایک ہفتہ سے چل رہی تھیں۔ جملہ فارغین اور ان کے سرپرستان کو اس جلسہ میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی، اس کے علاوہ آس پاس کے اداروں کے ذمہ داروں کو بھی دعوت نامے ارسال کیے گئے۔یہ جملہ تیاریاں ان فارغین کے اعزاز کے لیے کی گئیں جو آج وارثینِ انبیاء کی فہرست میں شامل ہوگئے، اس پر ان کی زبان اللہ کے ذکر وشکر سے تر ہے۔
![]()
اپنے اپنے تأ ثرات میں انہو ں نے جامعہ کی درودیوار کے درمیان گذرے حسین لمحات کو یاد کرکے اس بات کا عزم کیا کہ وہ جامعہ کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ یہاں کے اساتذہ، ذمہ داران کے ان پر کافی احسانات ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ فارغین اپنے والدین اور رشتہ داروں کو بھی یاد کررہے تھے جن کی محنتوں نے انہیں آج اس اعزاز سے نوازا۔ یقینا ان کی کوششیں نہ ہوتیں تو آج وہ جامعہ کے بجائے کسی اور عصری تعلیم کے طالب علم ہوتے اور اتنے بڑی سعادت سے محروم ہوجاتے جو بڑے سے بڑے عصری تعلیم میں زیر تعلیم ہونے پر حاصل نہیں ہوسکتی۔

امسال فارغین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے الوداعی پروگرام تین نشستوں میں منقسم کیا گیا ہے جس کی پہلی نشست آج بعد ظہر منعقد کی گئی جس میں کل ستائیس فارغین نے اپنے تأثرات پیش کیے۔ اس کی دوسری نشست بعد عشاء منعقد ہوگی اور تیسری نشست 2/ رجب بروز جمعرات صبح سوا نوبجے منعقد ہوگی۔
![]()
Share this post
