بھٹکل 15؍ اگست 2023 (فکروخبرنیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں یومِ آزادی کی مناسبت سے آج پرچم کشائی کی تقریب صبح ساڑھے سات بجے منعقد ہوئی ۔ صدرِ جامعہ مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی نے پرچم کشائی کی۔ طلبہ نے مارچ کے ساتھ الگ انداز پیش کیا جسے سبھوں نے سراہا۔
مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے پانچ لاکھ علماء نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ اہلِ مدارس نے ملک کی آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہمیں یہاں کے ذرے ذرے سے محبت ہے لیکن آج ملک کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جنہوں نے اس ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں انہیں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا نے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ اگر کوئی حب الوطنی کے جذبہ کا دعویٰ کرتا ہے تو اسے ملک کی سالمیت کے لیے بھی کوششیں کرنا چاہیے کم ازکم وہ یہاں کی سالمیت کے لیے رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔
علی پبلک اسکول بھٹکل میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب میں پرچم کشائی جناب عبدالحمید دامودی صاحب نے کی۔ اس موقع پر اسکواڈ نے خوبصورت انداز میں پریڈ کیا۔ طلبہ نے مختصراً پروگرام پیش کیا جس میں آزادی کے عنوان پر تقریر کے ساتھ ساتھ سریلی آواز میں ترانے پیش کیے۔
مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی میں بھی آج پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، نائب صدرِ مدرسہ جناب محمد علی ڈانگی صاحب نے پرچم کشائی کی اور مہتمم مدرسہ مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے آزادی کے عنوان پر مختصراً خطاب کیا۔
ان کے علاوہ جامعہ کے مکاتب سمیت دیگر انجمن کے تمام اسکولوں و کالجوں سمیت ، نونہال سینٹرل اسکول ، نیوشمس انگلش میڈیم اسکول اور دیگر اسکولوں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
Share this post
